کے سی آر ارکان اسمبلی کی خرید وفروخت کا دہلی میں بھانڈا پھوڑیں گے

   

آج دہلی روانگی ،تین دن قیام کرکے مختلف جماعتوں کے قائدین سے ملاقات کریں گے
حیدرآباد۔/27 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے 4 ارکان اسمبلی کو خریدنے کا مسئلہ ملک بھر میں سنسنی پیدا کرچکا ہے۔ اس کو قومی مسئلہ بنانے اور دوسری قومی و علاقائی جماعتوں کی تائید حاصل کرنے چیف منسٹر جمعہ کو دہلی پہنچ رہے ہیں جہاں تین دن قیام کا امکان ہے۔وہ دہلی میں پریس کانفرنس سے خطاب میںبی جے پی کی سازشوں کا پردہ فاش کریں گے۔ ٹی آر ایس ارکان اسمبلی کو خریدنے کی جو کوشش کی گئی اس کے خلاف ٹی آر ایس نے آج ریاست میں احتجاج کرکے بی جے پی کے خلاف ماحول تیار کرنے کی ہر ممکن کوشش کی ہے اور اس کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ مختلف جماعتوں کے قائدین نے جہاں اس مسئلہ پر ردعمل کا اظہار کا ہے وہیں چند قائدین نے اس پر چیف منسٹر کے سی آر سے تبادلہ خیال کرکے بی جے پی کے خلاف مہم کی تائید کا بھی انہیں یقین دلایا ہے۔ چیف منسٹر اس مسئلہ پر پہلے حیدرآباد میں پریس کانفرنس کرنے والے تھے ۔ صبح سے یہ اطلاعات تھیں تاہم بعد میں انہوں نے ارادہ تبدیل کردیا۔ وہ اب دہلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرکے بی جے پی کی سازش کو قومی مسئلہ بنانے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ چیف منسٹر جمعہ کو دہلی روانہ ہوں گے اور تین دن تک قیام کریں گے ۔ سرکاری طور پر اس کا اعلان نہیں ہوا ہے مگر پارٹی قائدین نے چیف منسٹر کے دورہ دہلی کی اطلاع دی ہے۔ دہلی میں قیام کے دوران چیف منسٹر کے سی آر چند قومی اور علاقائی جماعتوں کے قائدین سے ملاقات کریں گے۔ ہر رکن اسمبلی کو 100 کروڑ روپئے ادا کرنے کی جو پیشکش کی گئی وہ اس پر دہلی میں ردعمل کا اظہار کریں گے۔ ایجنٹس نے ٹی آر ایس ارکان اسمبلی کو دہلی کی اہم شخصیتوں سے ٹیلی فون پر بات کرانے کی کوشش کی ہے جنہیں پولیس نے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ ایجنٹس اور ارکان اسمبلی کے درمیان سودے بازی کی جو بات چیت ہوئی ہے ، دیڑھ گھنٹہ کی بات چیت کی آڈیو اور ویڈیو ریکارڈنگ موجود ہے جس پر چیف منسٹر کی جانب سے ردعمل کا اظہار کرنے کا قوی امکان ہے۔ ن