حیدرآباد۔/26 فروری، ( سیاست نیوز) مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے کے سی آر حکومت پر سخت تنقید کی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کے سی آر نے کہا تھا کہ انتخابی وعدوں کی عدم تکمیل پر وہ اپنا سر منڈھوا دیں گے۔ کے سی آر اپنا سر کب منڈھوا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی ترقی میں وزیر اعظم نریندر مودی بڑے پیمانے پر مدد کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دلت چیف منسٹر، تین ایکر اراضی کی تقسیم اور مکانات کی فراہمی سے متعلق وعدوں پر عمل نہیں کیا گیا۔ ہر گھر کو روزگار فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن صرف کے سی آر کے خاندان والوں کو روزگار حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کیلئے اپنی جان کی قربانی دینے والے نوجوانوں کے خاندانوں کی کوئی مدد نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ وہ دن قریب ہیں جب عوام بی آر ایس کو بری طرح مسترد کردیں گے۔ تلنگانہ ریاست ایک خاندان کے ہاتھوں یرغمال بن چکی ہے۔ کے سی آر اقتدار میں تلنگانہ ترقی کے بجائے پسماندہ ہوچکا ہے۔ مرکزی حکومت کے پراجکٹس پر عمل آوری میں تعاون کے بجائے کے سی آر مرکز پر ناانصافی کا الزام عائد کررہے ہیں۔ انوراگ ٹھاکر نے سوال کیا کہ بی آر ایس کا قومی صدر کون ہے اس کی وضاحت کی جائے۔ر