اسمبلی اجلاس میں شرکت کی اطلاع پر پارٹی حلقوں میں جوش و خروش
حیدرآباد۔ 28 ڈسمبر (سیاست نیوز)
بی آر ایس کے سربراہ اور سابق چیف منسٹر کے سی آر آج شام ایراولی فارم ہاوز سے حیدرآباد کے نندی ہلز میں واقع اپنی قیامگاہ پہنچ گئے۔ اسمبلی کے سرمائی سیشن کے آغاز سے عین قبل کے سی آر کی حیدرآباد آمد سے پارٹی حلقوں میں جوش و خروش کا ماحول ہے کیونکہ اطلاعات کے مطابق کے سی آر اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ پارٹی ذرائع نے اگرچہ اس کی توثیق نہیں کی ہے تاہم کے سی آر کے قریبی افراد کے مطابق سابق چیف منسٹر اسمبلی کی کارروائی پر نظر رکھیں گے اور اگر پروقار انداز میں کارروائی جاری رہی تو وہ اجلاس میں شریک ہوں گے۔ کے سی آر نے اجلاس میں شرکت سے متعلق اپنی حکمت عملی کو مخفی رکھا ہے۔ حیدرآباد آمد کے فوری بعد کے سی آر نے پارٹی کے سینئر قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کیا اور اسمبلی اور کونسل کی حکمت عملی کا جائزہ لیا۔ پالمور رنگاریڈی اور آبی تقسیم کے مسئلہ پر کے سی آر نے پارٹی قائدین سے مشاورت کی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے حکومت کی الزام تراشی کا منہ توڑ جواب دیا جانا چاہئے۔ کے سی آر نے دو سال کے دوران یوں تو رسمی طور پر اجلاس میں شرکت کی لیکن کبھی بھی مباحث میں حصہ نہیں لیا۔ پارٹی کی عاملہ کے اجلاس میں کے سی آر نے کہا تھا کہ دو سال تک وہ حکومت کی کارکردگی پر نظر رکھے ہوئے تھے اور اب وہ عوام کے درمیان آچکے ہیں۔ خرابی صحت کے باوجود اسمبلی اجلاس میں کے سی آر کی شرکت سے ایک طرف بی آر ایس حلقوں میں خوشی کا ماحول ہے تو دوسری طرف برسر اقتدار پارٹی کے سی آر کے الزامات سے نمٹنے کی تیاری کررہی ہے۔ 1
