کے سی آر بیٹے کو چیف منسٹر بنانے کے خواہاں

   

مخالفین کا سیاسی کیرئیر کچلا جا رہا ہے ۔ جی نارائن راو کا الزام
حیدرآباد 3 مارچ ( آئی این این ) کانگریس امیدوار برائے ایم ایل سی انتخابات و خازن پردیش کانگریس جی نارائن ریڈی نے پانچویں ایم ایل سی نشست پر کامیابی کیلئے اپوزیشن جماعتوں میں انحراف کی حوصلہ افزائی کا چیف منسٹر چندر شیکھر راو پر الزام عائد کیا ہے ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے جی نارائن راو نے کہا کہ کانگریس کے پاس پانچویں ایم ایل سی نشست جیتنے کی درکار عددی طاقت تھی ۔ تاہم چیف منسٹر کانگریس کے دو اور تلگودیشم کے ایک رکن اسمبلی کو ٹی آر ایس میںشامل کرتے ہوئے انحراف کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں تاکہ غیر قانونی طور پر پانچویں ایم ایل سی نشست پر کامیابی حاصل کی جاسکے ۔ یہ غیر قانونی ہے ۔ کے سی آر کھلے عام قانون انحراف کی خلاف ورزی کر رہے ہیں اور دستور کی ہتک کر رہے ہیں۔ وہ جمہوریت کو ہر شکل میں قتل کرتے ہوئے طاقت حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے 19 ارکان اسمبلی ہیںاور تلگودیشم کے دو ارکان ہیں۔دونوں نے اسمبلی انتخابات میں مشترکہ مقابلہ کیا تھا اور دونوں ملک کر ایک ایم ایل سی نشست حاصل کرسکتے تھے ۔ کے سی آر چاہتے ہیں کہ اپوزیشن کا خاتمہ ہوجائے اسی لئے انہوں نے انحراف کی حوصلہ افزائی کی ہے اور وہ جمہوریت کا گلا گھونٹ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر اپنے بیٹے کو آگے بڑھانے دوسروں کے سیاسی کیرئیر کو کچل رہے ہیں۔ وہ اپنے بیٹے کو چیف منسٹر دیکھنا چاہتے ہیں اور دوسروں کو کوئی عہدہ حاصل ہوتے دیکھنا نہیں چاہتے۔