کے سی آر تقسیم ریاست کے وعدوں کے حصول میں ناکام: ہنمنت راؤ

   

آندھراپردیش کو ریلوے زون جبکہ تلنگانہ سے ناانصافی، مودی حکومت کی عدم دلچسپی
حیدرآباد ۔ 28۔ فروری (سیاست نیوز) جنرل سکریٹری اے آئی سی سی وی ہنمنت راؤ نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ پر مرکز سے ریاست کی تقسیم کے وعدوں کی تکمیل میں ناکامی کا الزام عائد کیا ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ پارلیمنٹ میں آندھراپردیش کی تقسیم کے وقت دونوں ریاستوں کی ترقی کیلئے مختلف وعدے کئے گئے تھے اور یہ تنظیم جدید قانون کا حصہ ہے لیکن گزشتہ پانچ برسوں میں نریندر مودی حکومت نے لوک سبھا میں کئے گئے وعدوں کو فراموش کردیا۔ انہوں نے کہا کہ آندھراپردیش حکومت خصوصی ریلوے زون حاصل کرنے میں کامیاب ہوچکی ہے لیکن کے سی آر قاضی پیٹ میں ریلوے کوچ فیکٹری اور بیارم اسٹیل پلانٹ کے قیام میں ناکام ہوگئے ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے وعدوں کی تکمیل کیلئے نریندر مودی پر کوئی دباؤ نہیں بنایا۔ انہوں نے ٹی آر ایس کے رکن پارلیمنٹ نرسیا گوڑ کے اس بیان کو مضحکہ خیز قرار دیا کہ کے سی آر کشمیر کا مسئلہ حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو شخص ریاست کے حقوق حاصل کرنے میں ناکام رہے ، وہ کشمیر کا مسئلہ کس طرح حل کرپائے گا۔ اس طرح کے بیانات سے عوام ہنس رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کو قومی مسائل پر توجہ دینے سے قبل ریاست کی تقسیم کے وعدوں کو حاصل کرنا چاہئے ۔ کوچ فیکٹری ، بیارم اسٹیل پلانٹ ، ٹرائبل یونیورسٹی اور کالیشورم پراجکٹ کو قومی درجہ حاصل کرنے جیسے وعدوں کے حصول پر توجہ دی جائے۔ اس کے بعد کے سی آر کشمیر اور پاکستان جائیں تو کوئی مسئلہ نہیں ہے ۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ پاکستان نے جس ہندوستانی پائلٹ کو قیدی بنایا ہے ، اسے فوری رہا کیا جائے۔ مودی حکومت کو چاہئے کہ اس سلسلہ میں پاکستان پر دباؤ بنائیں۔ ہنمنت راؤ نے کے سی آر حکومت پر اہم شعبہ جات میں ناکامی کا الزام عائد کیا اور کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں کامیابی کیلئے عوام سے پھر ایک بار وعدے کئے گئے ہیں۔ حالانکہ گزشتہ اسمبلی انتخابات کے وعدے آج تک مکمل نہیں کئے گئے ۔