کے سی آر حکومت نے مسلمانوں اور درج فہرست قبائیل کو دھوکہ دیا ہے

   

Ferty9 Clinic

محمد علی شبیر کا الزام، کانگریس برسراقتدار آنے پر جامع ترقی کا تیقن
حیدرآباد۔/9 اگسٹ، ( سیاست نیوز) سابق وزیر محمد علی شبیر نے الزام عائد کیا کہ تحفظات کے مسئلہ پر کے سی آر حکومت نے مسلمانوں اور درج فہرست قبائیل کو دھوکہ دیا ہے۔ عالمی یوم قبائیل کے موقع پر کاماریڈی کے ماچہ ریڈی منڈل میں خطاب کرتے ہوئے محمد علی شبیر نے کہا کہ کے سی آر کو مسلمانوں اور درج فہرست قبائیل کے ووٹ کی ضرورت ہے لہذا گذشتہ دو انتخابات میں انہیں ووٹ بینک کے طور پر استعمال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے گذشتہ دو انتخابات میں عوام سے کئے گئے وعدوں کو یکسر فراموش کردیا ہے۔ اب جبکہ انتخابات قریب ہیں دوبارہ مسلمانوں اور قبائیل کو خوش کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گریجن طبقات اپنی عظیم تاریخ رکھتے ہیں ان کی تہذیب اور روایات ملک بھر میں منفرد مقام رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس برسراقتدار آنے پر قبائیل کی ترقی کے جامع منصوبہ پر عمل کیا جائے گا۔ محمد علی شبیر نے اقلیتوں اور کمزور طبقات سے اپیل کی کہ وہ بی آر ایس حکومت کے گمراہ کن پروپگنڈہ کا شکار نہ ہوں۔ قبائیل کے نمائندوں نے اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی تائید کا تیقن دیا۔ جلسہ عام سے پردیش کانگریس کے مندوب ای راجی ریڈی، صدر ضلع کانگریس کے سرینواس، نائب صدر ایم چندرکانت ریڈی، منچریال منڈل کے صدر گنیش نائیک، ایس ٹی سیل کے صدر نوسی لال نائیک اور دوسروں نے خطاب کیا۔