کے سی آر سے استعفیٰ کی مانگ کرتے ہوئے کانگریس کا اتوار کو مہا دھرنا

   

حیدرآباد اور رنگا ریڈی کے انچارج وزراء کی جانب سے آج مشاورتی اجلاس
حیدرآباد۔4۔ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی میں قائد اپوزیشن کے عہدہ سے استعفیٰ کا سابق چیف منسٹر کے سی آر سے مطالبہ کرتے ہوئے 6 ستمبرکو اندرا پارک دھرنا چوک پر احتجاج منظم کیا جائے گا۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی جانب سے مہا دھرنے کا انعقاد عمل میں آرہا ہے جس کے ذریعہ کے سی آر کو قائد اپوزیشن اور اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ کی مانگ کی جائے گی۔ ایک ہزاردن تک تنخواہ حاصل کرنے کے باوجود اسمبلی اجلاس میں غیر حاضری پر کے سی آر سے اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا جائے گا۔ مہا دھرنا میں کانگریس کے سرکردہ قائدین ، ارکان اسمبلی و کونسل اور مجالس مقامی کے نمائندے شرکت کریں گے۔ مہا دھرنا کی تیاری کے سلسلہ میں ہفتہ کی صبح 9 بجے وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر کی قیامگاہ پر اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ رنگا ریڈی ضلع کے انچارج وزیر سریدھر بابو کے علاوہ حیدرآباد اور رنگا ریڈی کے ضلع کانگریس صدور ، ارکان اسمبلی ، اسمبلی حلقہ جات کے انچارجس اور سینئر قائدین حصہ لیں گے۔ اتوار کے مہا دھرنے کی کامیابی کیلئے ضلع کانگریس کمیٹیوں کو متحرک کیا گیا ہے۔ 1/k/m/b