کے سی آر سے کے ٹی آر کی اہم ملاقات، کویتا کے مکتوب پر بات چیت

   

کارکنوں میں الجھن دور کرنے کی مساعی، تلنگانہ یوم تاسیس تقاریب کا جائزہ

حیدرآباد ۔ 25 مئی (سیاست نیوز) بی آر ایس کے سربراہ اور سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو رکن قانون ساز کونسل کویتا کی جانب سے مکتوب سے متعلق تنازعہ پر مشاورت کے لئے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ نے آج فارم ہاوز پہنچ کر کے سی آر سے ملاقات کی۔ سدی پیٹ ضلع کے ایراولی فارم ہاوز میں یہ ملاقات اہمیت کی حامل ہے کیونکہ پارٹی کی جانب سے کویتا کے مکتوب سے کارکنوں میں پیدا ہونے والی الجھن کو دور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ کویتا کا مکتوب برسر عام ہوگیا جس میں انہوں نے پارٹی کے کئی امور پر اپنے والد کی توجہ مبذول کرائی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ کے سی آر اور کے ٹی آر نے کویتا کے مکتوب میں شامل مختلف امور پر بات چیت کی اور اس مسئلہ کو مزید ہوا نہ دینے کا فیصلہ کیا تاکہ قائدین اور کارکنوں کو مطمئن کیا جاسکے۔ تلنگانہ یوم تاسیس کے موقع پر 2 جون کو بی آر ایس کی جانب سے مختلف تقاریب کے انعقاد پر بھی بات چیت کی گئی۔ کویتا نے امریکہ روانگی سے قبل اپنے والد کو مکتوب روانہ کیا تھا اور ان کی واپسی سے قبل مکتوب برسر عام ہوگیا جس پر سیاسی ہلچل پیدا ہوگئی۔ کویتا نے امریکہ سے واپسی کے بعد کہا کہ ان کے والد کے سی آر بھگوان کی طرح ہیں لیکن ان کے اطراف شیاطین ہیں۔ حالیہ عرصہ میں کے سی آر خاندان میں قیادت کے مسئلہ پر اختلافات کی خبریں عام ہو رہی ہیں۔ کے ٹی آر یکم جون کو امریکہ میں ایک پروگرام میں شرکت کے لئے 28 مئی کو روانہ ہو رہے ہیں۔ امریکہ روانگی سے قبل وہ کویتا کے مکتوب پر پیدا شدہ تنازعہ کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کے سی آر نے کویتا کے مکتوب کے برسر عام ہونے پر ناراضگی جتائی اور پارٹی میں موجود کانگریس کے ’’کوورڈس‘‘ کا پتہ چلانے کی کے ٹی آر کو ہدایت دی۔ ذرائع کے مطابق کالیشورم کمیشن کی جانب سے کے سی آر، ہریش راؤ اور ایٹالہ راجیندر کو دی گئی نوٹس پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ کے ٹی آر چاہتے ہیں کہ کمیشن کے روبرو پیش ہونے کی بجائے عدالت سے رجوع ہوکر نوٹس پر حکم التواء حاصل کیا جائے۔ پارٹی میں داخلی اختلافات سے متعلق خبروں کی سختی سے تردید کی جارہی ہے لیکن کویتا کے مکتوب سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ بی آر ایس میں سب کچھ ٹھیک نہیں۔ کانگریس اور بی جے پی نے مکتوب کی آڑ میں بی آر ایس کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ توقع ہے کہ کے سی آر جلد ہی کویتا کو طلب کرتے ہوئے بات چیت کریں گے اور انہیں متنازعہ بیانات سے گریز کرنے کی ہدایت دیں گے۔ 1