کے سی آر فارم ہاؤز سے باہر نکلیں، بھٹی وکرمارکا کی پریس کانفرنس

   

حیدرآباد ۔ 6 ۔ نومبر (سیاست نیوز) سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا نے چیف منسٹر کے سی آر سے مطالبہ کیا کہ وہ فارم ہاؤز سے باہر نکل کر عوامی مسائل کا جائزہ لیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ چیف منسٹر پرگتی بھون اور فارم ہاؤز سے حکومت چلارہے ہیں۔ وہ عوام کو درپیش مسائل سے واقف نہیں۔ انہوں نے خاتون تحصیلدار وجیہ ریڈی کے قتل کے سلسلہ میں برسر اقتدار پارٹی سے تعلق رکھنے والے کئی قائدین کے نام منظر عام پر آنے کا حوالہ دیا اور اس معاملہ کی برسر خدمت جج یا سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وجیہ ریڈی کے قتل کے سلسلہ میں روزانہ میڈیا میں نئے انکشافات منظر عام پر آرہے ہیں ۔ ٹی آر ایس کے کئی قائدین کے نام قتل کی سازش سے جڑ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں اراضیات سے متعلق ریونیو ریکارڈ میں کئی بے قاعدگیاں پائی جاتی ہیں۔ تلنگانہ میں اراضیات کے تنازعات کی یکسوئی کے لئے کئی تحریکات چلائی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی عہدیدار کو اس کے دفتر میں قتل کرنا اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے۔ تلنگانہ میں اس طرح کا واقعہ افسوسناک ہے۔ کانگریس پارٹی واقعہ کی شدت سے مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو برسوں سے اراضیات سے متعلق 9 لاکھ سے زائد پاس بک کی یکسوئی نہیں کی گئی جس کے نتیجہ میں تنازعات میں اضافہ ہوا ہے۔ غریبوں سے متعلق اراضیات کی یکسوئی میں ریونیو حکام کی تاخیر کے سبب کئی اضلاع میں تنازعات پیدا ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف حکومت ریونیو ایکٹ میں تبدیلی کا منصوبہ رکھتی ہے تو دوسری طرف روینیو پر کوئی توجہ نہیں دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ کل کے واقعہ کے سلسلہ میں اراضی کے تنازعات کئی منظر عام پر آئیں جن میں برسر اقتدار پارٹی کے قائدین کے نام ملوث پائے گئے۔ وجیہ ریڈی کے قتل کی تفصیلی تحقیقات سے حقیقی سازش کا پتہ چلایا جاسکتا ہے۔