سابق وزیر سرینواس یادو نے انتظامات کا جائزہ لیا
حیدرآباد۔ 16 فروری (سیاست نیوز) بی آر ایس کے سربراہ اور سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کا کل 17 فروری کو جنم دن ہے۔ پارٹی نے کے سی آر کی سالگرہ کو ریاست بھر میں بڑے پیمانے پر منانے کی تیاریاں کرلی ہیں اور شہری اور دیہی علاقوں میں منڈل اور دیہاتوں کی سطح پر مختلف تقاریب منعقد کی جائیں گی۔ حیدرآباد میں پارٹی ہیڈکوارٹرس تلنگانہ میں کے سی آر کی سالگرہ تقاریب کے تحت کئی پروگرامس منعقد کئے جائیں گے۔ سابق ریاستی وزیر اور رکن اسمبلی ٹی سرینواس یادو نے آج تلنگانہ بھون میں انتظامات کا جائزہ لیا۔ سابق وزیر محمد محمود علی اور دیگر قائدین کے ہمراہ سرینواس یادو نے تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے پارٹی قائدین اور کارکنوں سے تقاریب میں بڑے پیمانے پر شرکت کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ صبح 10 بجے سے سالگرہ تقاریب کا آغاز ہوگا جس میں ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ، سابق وزیر ہریش راؤ، رکن قانون ساز کونسل کویتا کے علاوہ ارکان پارلیمنٹ اسمبلی و کونسل شرکت کریں گے۔ کے سی آر کی 71 ویں سالگرہ کے موقع پر 71 کیلو وزنی کیک تیار کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے ہر منڈل اور دیہات میں سالگرہ تقاریب منعقد کی جائیں گیں اور چیف منسٹر کی حیثیت سے کے سی آر کے کارناموں کو عوام میں پیش کیا جائے گا۔ تلنگانہ بھون کے انچارج آر چندر شیکھر ریڈی، یوتھ لیڈر ٹی سائی کرن یادو، نامپلی کے انچارج آنند گوڑ کے علاوہ وشنو کمار اور دوسروں نے انتظامات کی تفصیلات سے واقف کروایا۔ سرینواس یادو نے کہا کہ کے سی آر نے علیحدہ تلنگانہ ریاست کے حصول کے لئے جو جدوجہد کی اسے تاریخ فراموش نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کے سبب علیحدہ تلنگانہ ریاست کا قیام ممکن ہوا ہے۔ 10 سالہ دور حکومت میں فلاحی و ترقیاتی اقدامات کا ریکارڈ قائم کیا گیا۔ سرینواس یادو نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ہر دیہات میں کے سی آر کی سالگرہ تقاریب کا اہتمام کریں۔ 1