چیف منسٹر اسٹالن سے آج ملاقات، تیسرے محاذ پر بات چیت کا امکان
حیدرآباد۔13۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج افراد خاندان کے ہمراہ ٹاملناڈو کے سری رنگم میں واقع سری رنگناتھ سوامی مندر میں خصوصی پوجا کی ۔ یہ دوسرا موقع ہے جب کے سی آر خصوصی پوجا کیلئے سری رنگم پہنچے ۔ اس سے قبل مئی 2019 ء میں کے سی آر نے مندر کا دورہ کیا تھا۔ کے سی آر اپنی شریک حیات کے شوبھا کے علاوہ کے ٹی راما راؤ ، جے سنتوش کمار ، کے شائلیما ، کے ہیمانشو ، کے الیکھیا، شریمتی ششی ریکھا ، بی ونو گوپال ، سنیل ، واسودیو ریڈی و ستیش کے ہمراہ خصوصی طیارہ سے آج ٹاملناڈو کے تروچیرا پلی پہنچے۔ مندر میں روایتی انداز میں کے سی آر و افراد خاندان کا استقبال کیا گیا ۔ خصوصی پوجا کے بعد کے سی آر کو مندر کے ہاتھی نے آشیرواد دیا۔ مندر کی سیڑھیوں پر کے سی آر اپنے افراد خاندان کے ساتھ کچھ دیر تک بیٹھے رہے ۔ پوجا کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کے سی آر نے کہا کہ انہیں دوسری مرتبہ مندر کے درشن پر خوشی ہے ۔ ٹاملناڈو میں ڈی ایم کے حکومت کے قیام کے بعد وہ پہلی مرتبہ مندر آئے ہیں۔ کے سی آر نے کہا کہ وہ کل 14 ڈسمبر کو چیف منسٹر ٹاملناڈو ایم کے اسٹالن سے ملاقات کریں گے ۔ مرکزی حکومت سے دھان کی خریدی کے مسئلہ پر ٹکراؤ کے بعد ایم کے اسٹالن سے کے سی آر کی پہلی ملاقات کی ہے۔ اسٹالن اگرچہ یو پی اے کا حصہ ہیں لیکن کے سی آر ان سے امکانی تیسرے محاذ کے قیام کے سلسلہ میں مشاورت کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ اکتوبر میں اسٹالن نے 11 غیر بی جے پی ریاستوں کے چیف منسٹرس کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے قومی اہلیتی اور انٹرنس امتحان کی مخالفت کیلئے تعاون کی اپیل کی تھی ۔ تلنگانہ اور گوا کے چیف منسٹرس کو بھی مکتوب روانہ کئے گئے ۔ اسٹالن سے کے سی آر کی 2019 ء میں ملاقات ہوئی تھی، جب کروناندھی بقید حیات تھے اور ٹاملناڈو میں ڈی ایم کے اپوزیشن میں تھی کے سی آر نے غیر بی جے پی اور غیر کانگریس تیسرے محاذ کے قیام پر بات کی تھی لیکن کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا۔ دیکھنا یہ ہے کہ ایم کے اسٹالن اس مرتبہ کے سی آر کی تجویز پر کیا ردعمل ظاہر کریں گے ۔ ر