کے سی آر کی سالگرہ تقاریب 17 فروری کو بڑے پیمانہ پر منانے کی تیاریاں

,

   

لال بہادر اسٹیڈیم میں انعقاد پر غور، کے ٹی آر کو چیف منسٹر بنانے پر پارٹی میں متضاد رائے

حیدرآباد: وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ کو چیف منسٹر مقرر کئے جانے کی قیاس آرائیوں کے درمیان ٹی آر ایس قائدین پارٹی سربراہ اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو کی سالگرہ بڑے پیمانہ پر منعقد کرنے کی تیاریاں کر رہے ہیں۔ 17 فروری کو چیف منسٹر 67 سال کے ہوجائیں گے۔ پارٹی قائدین اور کیڈر لال بہادر اسٹیڈیم میں بڑے پیمانہ پر سالگرہ تقاریب کے انعقاد کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ وزراء ، ارکان اسمبلی ، ا رکان پارلیمنٹ اور سینئر قائدین نے چیف منسٹر سے خواہش کی ہے کہ وہ سالگرہ تقریب کے بڑے پیمانہ پر انعقاد کی اجازت دیں۔ لال بہادر اسٹیڈیم میں تقاریب کے انعقاد کے سلسلہ میں اسپورٹ اتھاریٹی آف تلنگانہ کو باقاعدہ درخواست دی گئی ہے جو کہ اسٹیڈیم کا نگرانکار ادارہ ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے سالگرہ تقاریب کے سلسلہ میں ابھی تک اپنی رضامندی ظاہر نہیں کی ہے۔ عام طور پر چیف منسٹر ہر سال پرگتی بھون میں سالگرہ سادگی کے ساتھ مناتے رہے ہیں۔ بعض وزراء اور قائدین انہیں مبارکباد دینے کیلئے پرگتی بھون پہنچ جاتے ہیں۔ شہر سے تعلق رکھنے والوں کو قائدین اور خاص طور پر ریاستی وزیر سرینواس یادو ہر سال نکلس روڈ پر کے سی آر کی سالگرہ تقاریب کا اہتمام کرتے ہیں۔ جاریہ سال کے سی آر کی سالگرہ اس اعتبار سے اہمیت کی حامل ہے کہ پارٹی حلقوں میں کے ٹی آر کو ذمہ داری دیئے جانے کی اطلاعات سرگرمی سے گشت کر رہی ہیں۔ ٹی آر ایس قائدین کا ماننا ہے کہ اگرچہ چیف منسٹر کی تبدیلی فوری ممکن دکھائی نہیں دیتی لیکن سالگرہ تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کے سی آر اس سلسلہ میں اپنے منصوبہ کا اشارہ دے سکتے ہیں کہ کس وقت کے ٹی آر کو چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز کیا جائے گا ۔ بیشتر قائدین کی رائے ہے کہ اپریل تک چیف منسٹر کی تبدیلی ممکن نہیں کیونکہ کے ٹی آر کی قیادت میں گریجویٹ ایم ایل سی نشستوں، ناگرجنا ساگر ، ضمنی چناؤ اور مجالس مقامی انتخابات لڑے جائیں گے ۔ پارٹی کے بعض گوشوں کا ماننا ہے کہ یادادری مندر کے تعمیری کاموں کی تکمیل اور نئے سکریٹریٹ کی تیاری تک کے سی آر چیف منسٹر کے عہدہ پر برقرار رہیں گے ۔ یہ دونوں پراجکٹ کے سی آر کے شخصی دلچسپی کا نتیجہ ہے ، لہذا وہ چیف منسٹر کی حیثیت سے ان دونوں کا افتتاح کریں گے۔ یادادری مندر کی تکمیل اور نئے سکریٹریٹ کامپلکس کی تعمیر کو ایک سال کی مدر درکار ہیں ، لہذا اس وقت تک تلنگانہ میں چیف منسٹر کی تبدیلی کے بارے میں قیاس آرائیاں قبل از وقت رہیں گی۔ پارٹی قائدین کی اکثریت جن میں سینئر وزراء شامل ہیں ، وہ موجودہ حالات میں کے ٹی آر کو چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز کرنے کے حق میں نہیں ہے جبکہ نوجوان قائدین نے ابھی سے کے ٹی آر کے حق میں مہم چھیڑ رکھی ہے۔