حیدرآباد 16 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ کانگریس کے نائب صدر ملو روی نے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے پوتے پرکاش امبیڈکر سے بی آر ایس حکومت کی جانب سے دلتوں کی توہین اور ان کے حقوق کی پامالی کو سمجھے بغیر چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی ستائش کرنے پر وضاحت طلب کی ہے۔ ملو روی نے پوچھا کہ کیا امبیڈکر کے مجسمہ کی تنصیب تلنگانہ میں دلتوں کے ساتھ کی گئی ناانصافی کو چھپانے کے لئے کافی ہے اور کہاکہ پرکاش امبیڈکر کو حقائق کی جانکاری حاصل کرنا چاہئے تھا۔ اُنھوں نے کہاکہ کے سی آر کی ستائش کرنا دلتوں کی توہین کرنے کے سوا کچھ نہیں ہے۔ اور انھوں نے اس سلسلہ میں پرکاش امبیڈکر سے وضاحت طلب کی۔ کل یہاں ایک پریس کانفرنس سے مخاطب کرتے ہوئے مسٹر روی نے کہاکہ ان کی پارٹی امبیڈکر کے مجسمہ کی تنصیب کی مخالف نہیں ہے لیکن چیف منسٹر کے رویہ کی مخالف ہے جنھوں نے علیحدہ تلنگانہ تحریک کے ایجی ٹیشن کے دوران دلتوں سے کئی وعدے کئے تھے اور انھوں نے ان سے کیا گیا ہر وعدہ کو فراموش کردیا ہے۔