8 جنوری سے آغاز ، صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی کا اعلان
حیدرآباد: صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کی غلط پالیسیوں کے نتیجہ میں نظم و نسق ٹھپ ہوچکا ہے اور تلنگانہ کی ترقی رک گئی ہے۔ اتم کمار ریڈی مریال گوڑہ میونسپلٹی کے جنرل باڈی اجلاس میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مریال گوڑہ سمنٹ اور رائس ملنگ انڈسٹری کا مرکز ہے اور علاقہ میں ترقی کے مواقع ہیں۔ مقامی رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے انہوں نے مریال گوڑہ کی ترقی میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے پاس ترقیاتی منصوبہ کی کمی ہے اور وہ تمام علاقوں کی یکساں ترقی کے بارے میں دلچسپی نہیں رکھتے۔ کے سی آر حکومت نے انتخابی وعدوں کی تکمیل پر توجہ نہیں دی اور عوام گزشتہ سات برسوں سے سنہرے تلنگانہ کا خواب دیکھ رہے ہیں ۔ چیف منسٹر کو دولت اور طاقت کے استعمال کے ذریعہ انتخابات میں کامیابی کی عادت ہوچکی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کے سی آر کی حکمرانی تغلق دور حکومت کی یاد دلاتی ہے۔ کسانوں سے متعلق حالیہ فیصلہ کی مذمت کرتے ہوئے صدر پردیش کانگریس نے کہا کہ بی جے پی سے خوفزدہ ہوکر تلنگانہ میں زرعی پیداوار کے خریدی مراکز بند کردیئے گئے ۔ کانگریس پارٹی نے کسانوں کے حق میں طویل ایجی ٹیشن کا فیصلہ کیا ہے ۔ 8 جنوری کو تمام منڈل ہیڈکوارٹرس پر دھرنا منظم کیا جائے گا اور تحصیلداروں کو یادداشت پیش کی جائے گی ۔ 11 جنوری کو ضلع ہیڈکوارٹرس اور 18 جنوری کو ریاست گیر سطح پر دھرنا منظم کیا جائے گا ۔ اتم کمار ریڈی نے عوام کو سال نو کی مبارکباد پیش کی اور یقین دلایا کہ کانگریس پارٹی عوامی مسائل پر جدوجہد جاری رکھے گی۔
