کے سی آر کی واکنگ اسٹک کی مدد سے چہل قدمی

   

سوشیل میڈیا میں سنتوش کمار نے ویڈیو وائرل کیا
حیدرآباد۔/17 جنوری، ( سیاست نیوز) صدر بی آر ایس اور سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ تیزی سے روبہ صحت ہیں اور واکنگ اسٹک کی مدد سے چلنے کے قابل بن چکے ہیں۔ کے سی آر کے قریبی رکن راجیہ سبھا جے سنتوش کمار نے آج سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ویڈیو وائرل کیا جس میں کے سی آر کوواکنگ اسٹک کے سہارے سے چلتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ معاون کی مدد سے کے سی آر روزانہ اپنی قیامگاہ میں چہل قدمی کرتے ہوئے بتدریج سہارے کے بغیر چلنے کی کوشش کررہے ہیں۔ سنتوش کمار نے لکھا کہ ہر قدم پر کے سی آر نئی طاقت حاصل کررہے ہیں اور جذبہ کے ساتھ واکنگ اسٹک کی مدد سے چلنے کے قابل ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ سہارے کے بغیر آزادانہ طور پر چلنے کیلئے محض مختصر وقت درکار ہے۔ سوشیل میڈیا میں کے سی آر کا ویڈیو وائرل ہوتے ہی ان کے حامیوں اور بی آر ایس کے قائدین اور کارکنوں میں خوشی و مسرت کی لہر دوڑ گئی۔ واضح رہے کہ کے سی آر کولہے کے آپریشن کے بعد سے بنجارہ ہلز میں واقع اپنی قیامگاہ پر آرام کررہے ہیں۔ ابتداء میں انہوں نے واکر کی مدد سے چہل قدمی کی تھی اور اب واکنگ اسٹک کی مدد سے چلنے کے قابل ہیں۔ اطلاعات کے مطابق کے سی آر آئندہ ہفتہ اپنے فارم ہاوز منتقل ہوجائیں گے۔1