حیدرآباد۔/12نومبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے انتباہ دیا کہ بی آر ایس کی کامیابی کیلئے سرگرم سرکاری عہدیداروں کے خلاف 9 ڈسمبر کے بعد تحقیقات کرکے کارروائی کی جائے گی۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ بعض ریٹائرڈ عہدیداروں کے ذریعہ کے سی آر نے پرائیویٹ آرمی تیار کی ہے جس کے ذریعہ کانگریس قائدین کے ٹیلی فون ہیک کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عہدیداروں کے ذریعہ کانگریس قائدین اور کارکنوں پر جھوٹے مقدمات درج کئے جارہے ہیں تاکہ انتخابی مہم سے روکیں۔ ہر ضلع میں ایسے عہدیداروں کے نام ریڈ ڈائری میں درج ہیں اور 9 ڈسمبر کو کانگریس حکومت کے بعد ان کے خلاف تحقیقات کرائی جائینگی اور انہیں کارروائی کا سامنا کرنا پڑیگا۔ کانگریس مخالف عہدیداروں کو بخشا نہیں جائے گا۔