کے سی آر کے صرف 450 دن باقی

   

حیدرآباد۔19 ۔اگسٹ(سیاست نیوز) ریاست میں برسراقتدار کے سی آر حکومت 450 یوم کی مہمان ہے اور تلنگانہ عوام اس حکومت کے خاتمہ کا انتظار کر رہے ہیں۔ بی جے پی تلنگانہ امور کے انچارج ترون چگھ نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا اور کہا کہ تلنگانہ راشٹرسمیتی حکومت میں عوام کو مسائل کا سامنا ہے اور کے سی آر کے افراد خاندان کی بے روزگاری ختم ہورہی ہے۔ انہو ںنے چیف منسٹر تلنگانہ پر الزام عائد کیا کہ وہ اپنے فرزند‘ دختر ‘ بھانجے اور بھتیجے کو روزگار فراہم کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں جبکہ ریاست کے مسائل کی انہیں کوئی پرواہ نہیں ہے۔ ترون چگھ نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی الٹی گنتی شروع ہوچکی ہے اور عوام بھارتیہ جنتا پارٹی کو تلنگانہ راشٹر سمیتی کا بہترین متبادل تصور کر رہے ہیں کیونکہ ٹی آر ایس کا مقابلہ کرنے کی طاقت صرف بی جے پی میں ہے اور بی جے پی ہی ریاست میں بہتر حکمرانی کی فراہمی کو یقینی بناسکتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ 450 یوم بعد ریاست میں ترقی کے نظریات کے ساتھ ڈبل انجن سرکار اقتدار حاصل کرے گی اور تلنگانہ کو ملک کی ان سرفہرست ریاستوں میں شامل کروائے گی جو تیزی سے ترقی کر رہی ہیں۔ترون چگھ نے کورٹلہ ‘ جگتیال میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کے دوران ریاستی وزیر کے ٹی راما راؤ کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ بدعنوانیوں میں ملوث ریاستی وزراء انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور سی بی آئی کی کاروائیوں سے خوفزدہ ہیں اسی لئے وہ عوام کو اپنی ڈھال بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔م

انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ عوام نے تلنگانہ راشٹرسمیتی اور کے سی آر کے 8 سالہ دور اقتدار میں یہ دیکھ لیا ہے کہ کے سی آر عوام کی بھلائی کے حق میں نہیں ہیں بلکہ وہ اپنے افراد خاندان کی فلاح و بہبود پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔م