آر ٹی سی ہڑتال پر عدلیہ سے عوام کا اعتماد متزلزل،سونیا گاندھی سے اجازت کے بعد احتجاجی پروگرام کو قطعیت
حیدرآباد ۔ 19 ۔ نومبر (سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ 45 دن تک ہائی کورٹ نے آر ٹی سی ہڑتال کا جائزہ لینے کے بعد اسے لیبر کورٹ سے رجوع کرنے کے فیصلہ سے عدلیہ پر عوام کا اعتماد ختم ہوچکا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ عدالت نے ہڑتال کی تفصیلی سماعت کی اور آر ٹی سی ملازمین اور عوام کو امید تھی کہ عدلیہ سے انصاف ملے گا۔ ابتداء میں عدالت نے حکومت کے بارے میں مختلف ریمارکس کئے اور حکومت کو مختلف تجاویز پیش کی لیکن اچانک عدالت کے موقف میں تبدیلی آگئی اور ہڑتال کے معاملہ کو لیبر کورٹ سے رجوع کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کیلئے انصاف کے حصول کا واحد ذریعہ عدلیہ ہے۔ جب عدلیہ میں سماعت نے ہو تو پھر عوام انصاف کیلئے کدھر جائیں گے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ عدالت کو لیبر کورٹ سے معاملہ کو رجوع کرنے کے بجائے حکومت کو واضح ہدایات دینی چاہئے تھی۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ کو حکومت پر بھروسہ نہیں کہ وہ عدالت کے احکامات کو قبول کرے گی۔ ہنمنت راؤ نے کہاکہ محبوب آباد میں آر ٹی سی ملازم نگیش نے اپنے خودکشی نوٹ میں چیف منسٹر کو اپنی موت کیلئے ذمہ دار قرار دیا۔ خودکشی نوٹ میں چیف منسٹر کے نام کی شمولیت کے باوجود عدالت نے کے سی آر کے خلاف مقدمہ درج نہیں کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قانون سب کیلئے یکساں ہونا چاہئے۔ چیف منسٹر ہو یا پھر کوئی غریب دونوں کے ساتھ مساوی سلوک کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر ایک شہنشاہ کی طرح خودکو قانون سے بالاتر تصور کر رہے ہیں۔ ہنمنت راؤ نے تلنگانہ کے سی آر ہٹاؤ تلنگانہ بچاؤ نعرہ کے تحت مہم کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں صدر کانگریس سونیا گاندھی سے ملاقات کرتے ہوئے اجازت حاصل کریں گے، جس طرح راج شیکھر ریڈی کو پد یاترا کی اجازت دی گئی تھی ، اسی طرح وہ بھی ریاست بھر کا دورہ کرتے ہوئے عوام کو کے سی آر حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں سے واقف کرائیں گے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ کے سی آر کو سبق سکھانے کا وقت آچکا ہے کیونکہ وہ خود کو قانون اور دستور سے بالاتر تصور کر رہے ہیں۔ ان کے پاس عدلیہ کا کوئی احترام نہیں ہے۔ 24 سے زائد ملازمین کی خودکشی کے بعد بھی کے سی آر کا ہٹ دھرمی کا رویہ افسوسناک ہے ۔ تلنگانہ تحریک میں آر ٹی سی ملازمین نے اہم رول ادا کیا تھا اور کے سی آر نے آر ٹی سی ملازمین کی ستائش کی تھی۔ اب جبکہ آر ٹی سی ملازمین اپنے جائزہ حقوق کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں، کے سی آر انہیں برطرف کرنے کی دھمکی دے رہے ہیں۔ ہنمنت راؤ نے محکمہ مال کی کارکردگی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ایم آر او دفاتر میں کسانوں کو اراضی کاغذات کے حصول کیلئے چکر کاٹنے پڑ رہے ہیں۔ ہنمنت راؤ نے بتایا کہ 30 نومبر کے بعد وہ سونیا گاندھی سے اجازت حاصل کرتے ہوئے کے سی آر حکومت کے خلاف اپنی مہم کا باقاعدہ اعلان کریں گے ۔