ہائی کمان کی ذمہ داری پر فارم ہائوز کا دورہ، قائدین کا اجلاس طلب کرنے اتم کمار ریڈی کا مشورہ
حیدرآباد۔ 19 مارچ (سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی نے کہا کہ وہ کے سی آر اور کے ٹی آر کی بے قاعدگیوں کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھیںگے۔ بے قاعدگیوں کے سلسلہ میں بہت جلد دستاویزی ثبوت عوام کے درمیان پیش کیا جائے گا۔ ریونت ریڈی جنہیں کے ٹی آر کے فارم ہائوز کی ڈرون ملم بندی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا، حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ پارٹی جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ آر سی کنتیا کی ہدایت پر کے سی آر حکومت کے خلاف جدوجہد کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض گوشوں کی جانب سے یہ تاثر دینے کی کوشش کی جارہی ہے کہ کے ٹی آر کے فارم ہائوز کا معاملہ ان کا شخصی تنازعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر سی کنتیا نے نئی دہلی میں منعقدہ اجلاس میں مختلف مسائل، مختلف قائدین کو الاٹ کئے تھے۔ انہیں حکومت کی بے قاعدگیوں کو بے نقاب کرنے کی ذمہ داری دی گئی جبکہ اتم کمار ریڈی کو آبپاشی پراجیکٹس میں دھاندلیوں کو برسر عام کرنے کی ہدایت دی گئی۔ ہائی کمان کی ہدایت کے مطابق انہوں نے جی او 111 کی خلاف ورزی کا معاملہ عوام کے درمیان پیش کیا۔ جی او کے مطابق ذخیرہ آب کے قریب اراضی پر تعمیرات کی اجازت نہیں ہے لیکن کے ٹی آر نے 25 ایکر اراضی پر عالی شان فارم ہائوز تعمیر کیا ہے جس علاقے میں یہ تعمیر کیا گیا وہ جی او 111 میں درج کردہ علاقوں کی فہرست میں ہے جہاں تعمیرات کی اجازت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے سیاسی انتقامی کارروائی کے طور پر ان کے خلاف مقدمہ درج کیا۔ ریونت ریڈی کا کہنا ہے کہ کے سی آر کے حامی میڈیا گھرانوں نے یہ تاثر دینے کی کوشش کی کہ ریونت ریڈی شخصی مخاصمت کے تحت جدوجہد کررہے ہیں۔ پارٹی کے بعض قائدین اس پروپگنڈے کا شکار ہوگئے۔ ریونت ریڈی نے افسوس کا اظہار کیا کہ وہ 8 دن تک جیل میں رہے لیکن صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی ان سے ملاقات کے لیے نہیں آئے۔ پارٹی صدر کی حیثیت سے انہیں اپنی ذمہ داری نبھانی چاہئے تھی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ وہ جیل میں ملاقات کے لیے آنے والے اور مہم کی تائید کرنے والے قائدین سے اظہار تشکر کرتے ہیں۔ انہیں دیگر قائدین سے کوئی ناراضگی نہیں۔ ریونت ریڈی نے تجویز پیش کی کہ اتم کمار ریڈی کو پارٹی سینئر قائدین کا اجلاس طلب کرتے ہوئے اس مسئلہ کا جائزہ لینا چاہئے۔ اجلاس میں احتجاجی لائحہ عمل طے کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ تلگودیشم سے کانگریس میں کسی عہدے کی لالچ میں نہیں آئے۔ ان کا واحد مقصد کے سی آر اور ان کے خاندان کی بدعنوانیوں کو بے نقاب کرنا ہے۔ سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کی ہدایات کے مطابق وہ کام کریں گے۔ انہوں نے اپنے حامیوں سے کہا کہ آنے والے دنوں میں مزید احتجاجی پروگراموں کے لیے تیار رہیں۔ واضح رہے کہ ریونت ریڈی کی گرفتاری کے بعد کئی سینئر قائدین نے یہ کہتے ہوئے اپنا دامن بچالیا تھا کہ ریونت ریڈی شخصی مخاصمت کے سبب کے ٹی آر کے خلاف مہم چلارہے ہیں۔ ریونت ریڈی پر یہ بھی الزام ہے کہ انہوں نے پارٹی کے سینئر قائدین کو اس معاملے میں اعتماد میں نہیں لیا۔