کرسمس تقاریب کے ملبوسات کی روانگی
صدر نشین وقف بورڈ محمد سلیم اور کانتی ویسلی کی شرکت
حیدرآباد۔/15ڈسمبر، ( سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ تمام مذاہب کا یکساں طور پر احترام کرتے ہیں اور تلنگانہ ملک کی واحد ریاست ہے جہاں تمام مذاہب کے عید اور تہوار سرکاری سطح پر منائے جاتے ہیں۔ محمد سلیم نے آج حج ہاوز سے کرسمس کے پیش نظر غریب عیسائی خاندانوں میں تقسیم کئے جانے والے ملبوسات کی گاڑیوں کو جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔ گریٹر حیدرآباد کے اسمبلی حلقہ جات کیلئے ملبوسات روانہ کئے گئے جو متعلقہ ارکان اسمبلی کی نگرانی میں تقسیم کئے جائیں گے۔ اس موقع پر منیجنگ ڈائرکٹر کرسچن اقلیتی فینانس کارپوریشن کانتی ویسلی اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ محمد سلیم نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ رمضان، دسہرہ اور بتکماں کے موقع پر حکومت کی جانب سے گفٹ پیاکٹس کی تقسیم عمل میں لائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی کرسمس کے موقع پر 11 کروڑ 50 لاکھ کے خرچ سے غریب عیسائی خاندانوں میں گفٹ پیاکٹس کی تقسیم عمل میں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ گفٹ پیاکٹس میں ایک ساڑی، شرٹ شلوار اور پتلون و شرٹ شامل ہیں۔ ہندوستان کی کسی بھی ریاست میں عید اور تہوار کے موقع پر غریبوں کا خیال نہیں کیا جاتا۔ انہوں نے چیف منسٹر کے سی آر کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ تلنگانہ میں تمام طبقات کے ساتھ یکساں طور پر انصاف کیا جارہا ہے۔ محمد سلیم نے محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے عیسائیوں کو کرسمس کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ لال بہادر اسٹیڈیم میں سرکاری طور پر تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا جس میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ شرکت کریں گے۔ر