بی جے پی اور ٹی آر ایس کے اختلافات ڈرامہ بازی، اتم کمار ریڈی کا پارٹی قائدین سے خطاب
حیدرآباد ۔ 19 ۔ اگست (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی اور ٹی آر ایس آپس میں اختلافات کا ڈرامہ کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے آج ضلع کانگریس صدور اور پارٹی کارکنوں سے فیس بک اور ٹیلی کانفرنسنگ کے ذریعہ مخاطب کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی تلنگانہ میں ایک طاقت کے طور پر ابھرنے کا خواب دیکھ رہی ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ٹی آر ایس کا متبادل صرف کانگریس ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کو 4 نشستوں پر کامیابی محض اتفاقی ہے۔ حکومت کی مخالفت کے سبب عوام نے بی جے پی کو ووٹ دیا۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ پرست جماعتوں کو تلنگانہ کے عوام کبھی بھی قبول نہیں کریں گے ۔ تلنگانہ بنیادی طور پر سیکولر ریاست ہے اور عوام کے نظریات سیکولرازم پر مبنی ہے۔ تلنگانہ کے عوام مذہبی رواداری اور قومی یکجہتی پر ایقان رکھتے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی سماج کو توڑ کر حکمرانی کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کے لئے بی جے پی نے کچھ نہیں کیا۔ مرکز کی نریندر مودی حکومت تنظیم جدید قانون میں تلنگانہ سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوچکی ہے ۔ قاضی پیٹ میں کوچ فیکٹری ، اسٹیل فیکٹری اور دیگر وعدوں کے بارے میں بی جے پی قائدین نے آج تک اظہار خیال نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور ٹی آر ایس پانچ سال تک حلیف رہے لیکن اب اچانک بی جے پی کو ٹی آر ایس کی بدعنوانیوں کا خیال آیا ہے۔ انہوں نے بی جے پی کے کارگزار صدر جے پی نڈا کو چیلنج کیا کہ وہ ٹی آر ایس حکومت کی بدعنوانیوں کے خلاف سی بی آئی تحقیقات کا اعلان کریں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کالیشورم ، مشن بھگیرتا اور مشن کاکتیہ میں بڑے پیمانہ پر دھاندلیوں کا طویل عرصہ سے انکشاف کر رہی ہے لیکن آج بی جے پی کو اس کا خیال آیا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کے خلاف موجود سی بی آئی مقدمہ کو کیوں منظر عام پر نہیں لایا جارہا ہے ۔ گزشتہ پارلیمنٹ سیشن میں مودی نے کے سی آر کی ستائش کی تھی۔ بی جے پی کی جانب سے پیش کردہ تمام بلز کی ٹی آر ایس نے پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں تائید کی۔ اتم کمار ریڈی نے کے سی آر کی بدعنوانیوں کے خلاف سی بی آئی تحقیقات کی مانگ کی۔ انہوں نے کہا کہ 20 اگست کو راجیو گاندھی کی 75 ویں جینتی تقاریب ریاست بھر میں بڑے پیمانہ پر منائی جائیں گی۔ انہوں نے پنڈت جواہرلال نہرو کے خلاف بی جے پی قائدین کی بیان بازی کی مذمت کی۔ اتم کمار ریڈی نے پارٹی قائدین اور کارکنوں کو بلدی انتخابات کے لئے تیار رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ بی سی اور مسلمانوں کو 50 فیصد ٹکٹ الاٹ کئے جائیں گے ۔
