کے سی آر حکومت کی ناکامیوں کے خلاف تلگودیشم کا احتجاجی دھرنا

   

عوامی وعدوں کی تکمیل میں ناکامی، ایل رمنا اور چندر شیکھر ریڈی کی تقاریر
حیدرآباد۔ 13 ڈسمبر (سیاست نیوز) ٹی آر ایس حکومت کی دوسری میعاد میں ایک سال کی تکمیل کے دوران عوامی مسائل کی یکسوئی میں ناکامی کے خلاف تلنگانہ تلگودیشم کی جانب سے آج دھرنا چوک پر احتجاج منظم کیا گیا۔ صدر تلنگانہ تلگودیشم ایل رمنا اور پولٹ بیورو رکن آر چندر شیکھر ریڈی کی قیادت میں پارٹی قائدین اور کارکنوں کی کثیر تعداد میں مہادھرنا میں حصہ لیتے ہوئے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔ تلگودیشم کے مہیلا قائدین کی کثیر تعداد دھرنے میں شریک تھی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایل رمنا نے کہا کہ عوام سے مختلف وعدے کرتے ہوئے کے سی آر نے دوسری میعاد میں کامیابی حاصل کی۔ اقتدار کا ایک سال مکمل ہونے کے باوجود تلنگانہ عوام کو کوئی راحت نہیں ملی ہے۔ کسانوں، پسماندہ طبقات اور نوجوانوں کے ساتھ وعدہ خلافی کی گئی۔ رمنا نے کہا کہ کسانوں کو ایک لاکھ روپئے تک قرض کی معافی کا اعلان کیا گیا تھا لیکن آج تک اسکیم پر عمل آوری نہیں ہوئی ہے۔ رئیتو بندھو اسکیم کی رقومات 50 فیصد کسانوں تک نہیں پہنچیں۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبے کو ٹی آر ایس حکومت نے نظرانداز کردیا ہے۔ ایل رمنا نے کہا کہ ٹی آر ایس دورِ حکومت بدعنوانیوں اور کرپشن سے پر رہا۔ ہزاروں کروڑ پراجیکٹس کے نام پر خرچ کئے گئے لیکن کنٹراکٹرس سے بھاری کمیشن حاصل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کالیشورم پراجیکٹ کی تکمیل کا دعوی کیا جارہا ہے لیکن آج تک اس پراجیکٹس سے زرعی شعبے کو پانی سربراہ نہیں کیا جاسکا۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹے وعدوں اور تیقات کے ذریعہ کے سی آر اپنی حکمرانی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ریاست میں امن و ضبط کی صورتحال ابتر ہوچکی ہے۔ خواتین پر مظالم میں اضافہ ہوگیا۔ ایل رمنا نے تلنگانہ میں شراب کی فروخت پر پابندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ عرصہ میں خواتین پر مظالم کے واقعات کے لیے شراب کی فروخت کا عام ہونا ذمہ دار ہے۔ حکومت نے سرکاری خزانے میں فائدے کے لیے فروخت کو عام کردیا۔ انہوں نے قومی شاہراہوں پر شراب کی فروخت پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ عائد کیا۔ آر چندر شیکھر ریڈی نے کہا کہ کے سی آر گزشتہ چھ برسوں میں ہر محاذ پر ناکام ہوچکے ہیں۔ آر ٹی سی بس کرایوں میں اضافے کے ذریعہ عوام پر بھاری بوجھ عائد کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبہ جات کو حکومت نے نظرانداز کردیا۔ چندر شیکھر ریڈی نے اعلان کیا کہ کے سی آر حکومت کی ناکامیوں کے خلاف ہر ضلع میں تلگودیشم کا احتجاج جاری رہے گا۔