رنگاریڈی میں کانگریس کا جلسہ عام، اتم کمار ریڈی، ریونت ریڈی اور دیگر قائدین کا خطاب
حیدرآباد۔ 2 ستمبر (سیاست نیوز) ضلع رنگاریڈی کو پانی کی سربراہی کا مطالبہ کرتے ہوئے کانگریس پارٹی کی جانب سے رنگاریڈی کے چودھری گوڑہ منڈل میں جلسہ عام منعقد کیا گیا۔ پالمور رنگاریڈی لفٹ ایریگیشن پراجیکٹ کے تحت لکشمی دیوی پلی پراجیکٹ کی تعمیر کا مطالبہ کرتے ہوئے ضلع کے مختلف علاقوں سے بھاری تعداد میں کسانوں نے جلسہ عام میں شرکت کی صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا، ارکان پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، ریونت ریڈی، سابق رکن پارلیمنٹ کونڈا وشویشور ریڈی اور ضلع کے دیگر قائدین نے خطاب کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ رنگاریڈی کے کسانوں کے تحفظ کے لیے آبپاشی ضرورتوں کی تکمیل کی جائے۔ ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر نے کانگریس دور حکومت کے آبپاشی پراجیکٹس کی ری ڈیزائننگ کے نام پر بھاری بے قاعدگیاں کی ہیں۔ کالیشورم پراجیکٹ بے قاعدگیوں سے پر ہے جبکہ کے سی آر نے رنگاریڈی کو پانی سربراہ کرنے کا جو وعدہ کیا تھا اس پر قائم نہیں رہے۔ انہوں نے کہا کہ کرشنا سے 299 ٹی ایم سی پانی حاصل کیا جاسکتا ہے لیکن کے سی آر گوداوری سے سری سیلم کا پانی حاصل کرناچاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر صرف اپنے مفادات کی تکمیل اور کمیشن کے لالچ میں رائیل سیما کو پانی سربراہ کرنے تیار ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ویشویشور ریڈی کے سی آر کے نام پر مندر تعمیر کرتے ہیں تو میں اپنی ساری آمدنی کے ذریعہ کے سی آر کی سمادھی تعمیر کروں گا۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے رنگاریڈی کے کسانوں کو یقین دلایا کہ کانگریس پارٹی احتجاج میں ان کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ میں رنگاریڈی ضلع کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے۔ گوداوری کا پانی رنگاریڈی ضلع منتقل کرنے کے لیے کانگریس دور حکومت میں مساعی کی گئی تھی لیکن کے سی آر برسر اقتدار آنے کے بعد اس منصوبے کو ترک کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر اور ان کی پارٹی کے زوال کا وقت آچکا ہے۔ کسانوں کے لیے رائیتو بندھو اور رائیتو بیما اسکیمات تعطل کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نظام کے خلاف کمیونسٹوں اور کانگریس پارٹی نے جدوجہد کی تھی اور حیدرآباد اسٹیٹ کو انڈین یونین میں ضم کرنے کا سہرا کانگریس کے سر جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر رنگاریڈی کے ساتھ انصاف نہیں کیا گیا تو عوام سبق سکھائیں گے۔ رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے چیف منسٹر سے مطالبہ کیا کہ کانگریس اور ٹی آر ایس دور حکومت میں تعمیر کردہ پراجیکٹس کی تفصیلات منظر پر لائیں۔ انہوں نے کہا کہ آبپاشی پراجیکٹس کے مسئلہ پر عوام اور سماجی و سیاسی جماعتوں کو متحدہ جدوجہد کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی وعدوں کی عدم تکمیل کے ذریعہ کے سی آر نے عوام کو دھوکہ دیا ہے۔ سابق رکن پارلیمنٹ ویشویشور ریڈی نے کہا کہ اگرچہ انہوں نے امریکہ سے انجینئرنگ کی تکمیل کی ہے لیکن ان کے لیے کے سی آر کا انجینئرنگ پلان سمجھ سے باہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر رنگاریڈی کو پانی سربراہ کیا گیا تو وہ کے سی آر کے نام پر مندر تعمیر کریں گے۔ سابق رکن اسمبلی ومشی چند ریڈی نے انتباہ دیا کہ اگر رنگاریڈی پراجکٹ مکمل نہیں کیا گیا تو عوام حکومت کے خلاف احتجاج میں شدت پیدا کریں گے۔
