اسد اویسی سے موقف کی وضاحت کا مطالبہ، کے سی آر اپنے مقدمات سے خوفزدہ، ریونت ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔26 جولائی (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر امیت شاہ اور نریندر مودی آپس میں مل کر عوام کو گمراہ کررہے ہیں۔ سیاسی مفادات کے لیے یہ تینوں ایک ہیں اور میچ فکسنگ کے ذریعہ ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی کی جارہی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے راجیہ سبھا میں قانون حق معلومات بل کو ٹی آر ایس کی تائید کا حوالہ دیا اور کہا کہ ٹی آر ایس کا یہ موقف اس بات کو ثابت کرتا ہے کہ دونوں پارٹیوں میں خفیہ مفاہمت ہوچکی ہے۔ بی جے پی قائدین ایک طرف ٹی آر ایس کے خلاف جدوجہد کا اعلان کررہے ہیں تو دوسری طرف پارلیمنٹ میں بلس کی منظوری کے لیے ٹی آر ایس کی تائید حاصل کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو گمراہ کرتے ہوئے سیاسی مقصد براری کے تحت یہ ڈرامہ بازی چل رہی ہے۔ انہوں نے بی جے پی قائدین سے سوال کیا کہ وہ پارلیمنٹ میں ٹی آر ایس کی تائید حاصل کرتے ہوئے تلنگانہ میں کس طرح مخالفت میں مہم چلاسکتے ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں عجیب و غریب سیاسی ماحول پیدا ہوچکا ہے۔ بی جے پی خود کو ٹی آر ایس کا متبادل ظاہر کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کا اپنی سرگرمیوں میں اضافہ کرنا قابل اعتراض بات نہیں ہے لیکن بی جے پی جس انداز سے دوہرا معیار اختیار کررہی ہے، وہ افسوسناک ہے۔ حالیہ انتخابات میں مجلس کے صدر اسد الدین اویسی نے ٹی آر ایس کی مکمل تائید کی تھی۔ ٹی آر ایس نے الزام عائد کیا تھا کہ مرکز کی جانب سے تلنگانہ کو کوئی مدد نہیں مل رہی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر دونوں ہاتھوں سے دونوں پارٹیوں کو چلارہے ہیں۔ کے سی آر بی جے پی اور مجلس کے آرگنائزر کی طرح ہیں۔ راجیہ سبھا میں حق معلومات بل میں ترمیمات کو سلیکٹ کمیٹی سے رجوع کرنے سے کے کیشور رائو نے دستخط کئے تھے۔ امیت شاہ نے کے سی آر کو فون کرتے ہوئے تائید کی خواہش کی جس پر ٹی آر ایس نے اپنا موقف تبدیل کردیا اور بل کی تائید کردی۔ انہوں نے اسد اویسی سے مطالبہ کیا کہ وہ حق معلومات بل کو ٹی آر ایس کی تائید پر اپنے موقف کی وضاحت کریں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ پارلیمنٹ کے حدود میں ہریتاہارم پروگرام میں ٹی آر ایس کے ایم پی سنتوش کمار اور بی جے پی قائد پرکاش جائوڈیکر نے مل کر شجرکاری کی۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کو امیت شاہ کے فون کے بعد ٹی آر ایس نے اپنا موقف تبدیل کردیا ہے۔ کے سی آر کے پاس عوام سے ملاقات کا وقت نہیں ہے لیکن امیت شاہ کے فون کا فوری جواب دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حق معلومات بل میں ترمیم کے ذریعہ عوام کو کیا فائدہ پہنچے گا اس کی وضاحت کے سی آر کو کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی اور جی ویویک کو جان لینا چاہئے کہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس کا متبادل بی جے پی نہیں ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کالیشورم پراجیکٹ میں بڑے پیمانے پر دھاندلیاں ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ الزامات کے حق میں ان کے پاس ثبوت موجود ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ سہارا پراویڈنٹ کیس کی تحقیقات کہاں تک پہنچی ہے۔ امیت شاہ اور کشن ریڈی کو ضاحت کرنی چاہئے۔ کے سی آر کا نام چارج شیٹ میں ہے یا نہیں اس کی وضاحت کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ای ایس آئی ہاسپٹل کی تعمیر کے مسئلہ پر جو مقدمہ کے سی آر پر درج کیا گیا تھا اس کی پیش رفت سے عوام کو واقف کرایا گیا۔
