کے ٹی آر نے بطور گریجویٹ ووٹر اپنا نام درج کروایا

   

تمام اہل گریجویٹس سے 6 نومبر تک لازمی رجسٹریشن کرانے کی اپیل
حیدرآباد 29 ستمبر : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے تلنگانہ میں آئندہ قانون ساز کونسل گریجویٹ کوٹہ انتخابات کے سلسلے میں اپنا نام بطور ووٹر رجسٹر کروالیا ہے ۔ انہوں نے ووٹر رجسٹریشن کا مقررہ فارم خانہ پری کرکے متعلقہ حکام کے پاس جمع کرایا ۔ اس پیشرفت کی اطلاع انہوں نے اپنے سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کے ذریعے شیئر کی ہے ۔ کے ٹی آر نے حیدرآباد ، رنگاریڈی ، محبوب نگر اور کھمم ، ورنگل ، نلگنڈہ کے تمام مشترکہ اضلاع کے اہل تعلیم یافتہ شہریوں ( گریجویٹس ) سے اپیل کی کہ وہ بلاتاخیر اپنا نام بطور ووٹر درج کروائیں ۔ انہوں نے ایک اہم انتخابی قاعدے کی طرف توجہ مبذول کرواتے ہوئے یاد دلایا کہ گریجویٹ ایم ایل سی انتخابات کے قوانین کے مطابق جن افراد نے پچھلے انتخابات میں ووٹ ڈالا تھا ۔ انہیں بھی اپنے ناموں کا از سر نو اندراج لازمی ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ پرانی فہرست خود بخود لاگو نہیں ہوگی ۔ کے ٹی آر نے بی آر ایس کے تمام مقامی قائدین ، سابق ارکان اسمبلی ، ارکان کونسل اور کارکنوں پر زور دیا کہ وہ ووٹر رجسٹریشن کی مہم میں حصہ لیں اور گراونڈ لیول پر جاکر ہر گریجویٹ کی رہنمائی کریں ۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ 6 نومبر کی آخری تاریخ سے قبل اپنا نام ووٹر لسٹ میں شامل کروائیں ۔ انہوں نے تمام ذمہ داروں کو ہدایت کی کہ وہ ان کونسل انتخابات کو انتہائی سنجیدگی سے لیں اور فیلڈ سطح پر شعور بیداری مہم چلائیں ۔۔ 2/k/b