کے ٹی آر نے خواتین کے ساتھ نامناسب سلوک کیا

   

آر ٹی سی کے مضمون نویسی مقابلوں میں کامیاب طلبہ میں انعامات کی تقسیم : سرینواس ریڈی

محبوب نگر۔ 23 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کے ٹی آر نے خواتین کے ساتھ نامناسب سلوک کیا ہے۔ مقامی ایم ایل اے ینم سرینواس ریڈی نے یہ الزام عائد کیا۔ وہ آج مستقر محبوب نگر کے آر ٹی سی بس اسٹانڈ پر ٹی ایس آر ٹی سی کے ذریعہ مہالکشمی اسکیم کے تحت 200 کروڑ کے مفت سفر کی تکمیل کے موقع پر منعقدہ مہا لکشمی تقاریب میں بطور مہمان خصوصی مخاطب تھے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی فکر نے خواتین کو مفت بس سفر کی سہولت فراہم کی ہے جس کے بہترین نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ خواتین کیلئے تقریباً 6,700 کروڑ کی بچت ہوئی ہے۔ ہمارے محبوب نگر کیلئے ایک ہی سال میں 48 نئی بسیں مختص کی گئی ہے۔ اب ہم آئندہ سال تک 48 نئی بسوں کے حصول کیلئے کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہماری مفت بس سفر کی سہولت سے بی آر ایس قائدین ناراض ہوگئے اور خواتین سے متعلق توہین آمیز ریمارکس کئے۔ انہوں نے پرزور انداز میں کہا کہ عوامی حکومت میں خواتین سے ہی ریاست تلنگانہ سرفہرست رہے گی۔ خواتین ہماری طاقت ہیں۔ ہماری ہمت ہیں، آپ کی ہمدردی اور تعاون ہمیشہ ہمارے ساتھ رہنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ریاستوں سے بھی عہدیدار آئے ہیں، اور وہ خواتین کو مفت بس سفر اسکیم کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔ اس موقع پر آر ٹی سی تنظیم کے زیراہتمام مضمون نویسی مقابلوں میں بہتر مظاہرہ کرنے والی طالبات، راگھوا، بھاگیہ لکشمی، سریشا، عائشہ بیگم اور پروالیکا میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ ایم ایل اے نے خاتون مسافروں لکشمماں، سرکاری ٹیچرس رام دیوی اور وجیہ کو اعزاز سے نوازا۔ انہوں نے بس اسٹانڈ پر ریڈنگ روم کا مطالعہ کیا۔ وزیٹرس رجسٹر پر دستخط کئے۔ پروگرام میں موڈا چیرمین لکشمن یادو، نرسمہا ریڈی، زرعی مارکیٹ کمیٹی چیرپرسن بیکری انیتا، وجئے کمار، آنند گوڑ، سراج قادری، سی جے بنہر، خواجہ عظمت علی و دیگر موجود تھے۔