کے ٹی آر چیف منسٹر بننے کے پوری طرح اہل

   

Ferty9 Clinic


سیاست میں لب و لہجہ کا غلط استعمال، کونسل چیرمین جی سکھیندر ریڈی

حیدرآباد : تلنگانہ قانون ساز کونسل کے صدرنشین جی سکھیندر ریڈی نے کہا کہ کے ٹی آر میں چیف منسٹر بننے کی تمام صلاحیتیں موجود ہیں اور وہ اس عہدہ کیلئے بھی اہل ہے۔ انہوں نے میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس کے حلقوں میں کے ٹی آر کو چیف منسٹر بنانے کے تعلق سے کیا بات چیت ہورہی ہے وہ اس سے لاعلم ہے۔ اسمبلی حلقہ ناگرجنا ساگر کے ضمنی انتخابات میں ان کے مقابلہ کرنے سے متعلق افواہوں پر پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے جی سکھیندر ریڈی نے کہا کہ انہیں مقابلہ کرنے کیلئے کوئی دباؤ نہیں ہے اور نہ ہی پارٹی نے اس سلسلہ میں مجھ سے کوئی بات کی ہے۔ وہ چاہتے ہیں کہ ضمنی انتخاب بلا مقابلہ ہو بہتر ہے۔ صدرنشین قانون ساز کونسل نے کہا کہ فی الحال سیاست میں جس زبان اور لہجہ کا استعمال کیا جارہا ہے وہ غیرمناسب ہے۔ سیاست میں کامیابی اور شکست عام بات ہے۔ ایک دو نشستوں پر کامیابی سے بے قابو نہیں ہوجانا چاہئے۔ انہوں نے کانگریس کے سینئر قائد کے جاناریڈی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں بھی شکست ہوئی ہے۔ جی سکھیندر ریڈی نے بی جے پی کا نام لئے بغیر کہا کہ ہر بات سوچ سمجھ کر بڑی ذمہ داری کے ساتھ کرنی چاہئے تاکہ سیاست میں داخل ہونے والی نئی نسل کو فائدہ مند ثابت ہو۔ چند ارکان پارلیمنٹ صرف سیاسی مفاد پرستی کیلئے بات کررہے ہیں۔ تلنگانہ تحریک کے دوران چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے اس طرح کی زبان کا استعمال کرنے سے متعلق پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ لب و لہجہ الگ تھا اب استعمال کی جانے والی زبان پوری طرح الگ ہے۔ انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ فبروری میں گریجویٹ کوٹہ کے انتخابات منعقد ہوسکتے ہیں۔