کنٹونمنٹ بورڈ کے حدود میں مقامی ملٹری اتھاریٹی سے سڑکیں بند کرنے پر اعتراض
حیدرآباد ۔ 15 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے سکندرآباد کنٹونمنٹ حدود میں مقامی ملٹری اتھاریٹی کی جانب سے من مانی فیصلے کرتے ہوئے سڑکوں کو بند کردینے پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا اور لاکھوں عوام پریشان ہونے کا مکتوب کے ذریعہ واقف کرایا اور مطالبہ کیا کہ وہ مقامی ملٹری اتھاریٹی کو احکامات جاری کریں کہ سڑکیں بند نہ کئے جائیں ۔ ماضی میں بھی ملٹری اتھاریٹی کو سڑکیں بند کردینے کی کے ٹی آر نے مکتوب روانہ کرتے ہوئے شکایت کی تھی ، جس کا بھی کے ٹی آر نے حوالہ دیا ۔ ملٹری عہدیداروں نے تازہ فیصلہ کرتے ہوئے اپنے حدود میں شامل الہ آباد گیسٹ روڈ ، گاف روڈ ، ویلنگٹن روڈ ، آرڈیننس روڈ کو کوویڈ کا بہانہ کرتے ہوئے بند کردیا جس سے لاکھوں عوام مشکلات سے دوچار ہورہے ہیں ۔ وزیر بلدی نظم و نسق نے وزیر دفاع کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے کہا کہ بار بار سڑکیں بند کردینے سے شہر کے عوام کو کئی کیلو میٹر کا اضافی سفر کرتے ہوئے اپنے گھروں کو پہونچنا پڑرہا ہے ۔ تلنگانہ حکومت کی جانب سے کورونا کو کنٹرول کرنے کے لیے کئے گئے اقدامات سے ریاست میں کورونا کے کیسیس میں بڑی حد تک کمی آگئی ہے ۔ کورونا کے بہانہ لوکل ملٹری اتھاریٹی مقامی کنٹونمنٹ بورڈ سے تعلق نہ رکھنے والے سڑکوں کو بھی بند کیا جارہا ہے ۔ جو کنٹونمنٹ ایکٹ کے سیکشن 258 کی یہ کھلی خلاف ورزی ہے ۔ کنٹونمنٹ بورڈ قانون میں موجود رہنمایانہ خطوط کے مطابق ہی سڑکیں بند کی جانی چاہئے ۔ لیکن ملٹری اتھاریٹی چھوٹے چھوٹے مسائل پر بار بار سڑکوں کو بند کررہی ہے ۔ ماضی میں بھی اس طرح کی کوششوں کے خلاف محکمہ دفاع کو نمائندگی کی گئی ۔ محکمہ دفاع کے احکامات کے باوجود مقامی ملٹری اتھاریٹی کے عہدیدار اس کو نظر انداز کررہے ہیں ۔۔