حیدرآباد۔/14 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) سابق رکن پارلیمنٹ اور بی جے پی قائد جی ویویک نے الزم عائد کیا کہ کے سی آر اپنے فرزند کے ٹی آر کو چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز کرنے کی تیاری کررہے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ویویک نے کہا کہ تلنگانہ میں تغلق طرز کی آمرانہ حکمرانی جاری ہے جس کے سبب عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ کے سی آر نے تلنگانہ ریاست کو قرض میں مبتلاء کردیا ہے۔ 3 لاکھ کروڑ سے زائد کا قرض حاصل کیا گیا جس کے نتیجہ میں عوام پر اضافی بوجھ عائد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے بے روزگار نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کا وعدہ کیا تھا لیکن گزشتہ 6 برسوں میں اس سلسلہ میں کوئی قدم نہیں اٹھائے گئے۔ انہوں نے روزگار کی فراہمی اور بے روزگاری بھتہ کی اجرائی کا مطالبہ کیا۔ ویویک نے کہا کہ کے سی آر حکومت ہر محاذ پر ناکام ہوچکی ہے۔