کے ٹی آر کے فارم ہاؤز اور اکبر اویسی کے اسکول کا معائنہ

   

محکمہ آبپاشی اور حیڈرا نے ایف ٹی ایل اور بفر زون کی رپورٹ تیارکی

حیدرآباد۔27۔اگسٹ(سیاست نیوز) سابق ریاستی وزیر کے ٹی راما راؤ کے مبینہ فارم ہاؤز جنواڑہ کے علاوہ قائد ایوان مقننہ مجلس پارٹی جناب اکبر الدین اویسی کے اسکول فاطمہ اویسی کے جی تا پی جی کیمپس واقع بندلہ گوڑہ کا محکمہ آبپاشی کے علاوہ ’حیڈرا‘ کے عہدیداروں نے آج معائنہ کرتے ہوئے عمارتوں کے ساتھ ان سے منسلک تالابوں اور ان کے FTL اور بفر زون کے متعلق رپورٹ تیار کی ہے۔ حکومت کی جانب سے ’حیڈرا‘ کے قیام کے بعد سے کی جانے والی کاروائیوں کے دوران سابق ریاستی وزیر کے فارم ہاؤز ’جنواڑہ ‘ کے علاوہ گذشتہ چند یوم کے دوران اکبر الدین اویسی کی نگرانی میں چلائے جانے والے کے جی تا پی جی کیمپس کو سوشل میڈیا میں خوب وائرل کیا جا رہا تھا اور گذشتہ یوم ’حیڈرا‘ کی جانب سے ان دونوں جائیدادوں کو نوٹس جاری کئے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی جس کی ’حیڈرا‘ کے ذمہ داروں نے نفی کرتے ہوئے کہاکہ کسی بھی غیر مجاز تعمیر یا FTL میںکئے گئے قبضہ پر ’حیڈرا‘ کی جانب سے کوئی نوٹس کی اجرائی عمل میں نہیں لائی جار ہی ہے بلکہ متعلقہ بلدیہ یا پنچایت کی جانب سے نوٹس کی اجرائی عمل میں لائی جا رہی ہے اسی لئے یہ کہنا درست نہیں ہے کہ ’حیڈرا‘ کی جانب سے نوٹس جاری کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق اب تک کی گئی کسی بھی کاروائی کے دوران ’حیڈرا‘ نے کوئی نوٹس جاری نہیں کی بلکہ متعلقہ بلدیہ کی جانب سے جاری کی جانے والی سابقہ نوٹسوں کی بنیاد پر سروے منعقد کرتے ہوئے کاروائی کی ہے۔بتایاجاتا ہے کہ بندلہ گوڑہ میں محکمہ آبپاشی کے عہدیداروں اور ’حیڈرا‘ کے عہدیداروں نے آج دوپہر سلکم چیروو کے علاوہ اطراف و اکناف کے علاقوں میں موجود تالابوں کے متعلق تفصیلات اکٹھا کیں اور مکمل ویڈیو گرافی کرتے ہوئے رپورٹ تیار کی ہے۔اسی طرح محکمہ آبپاشی اور ’حیڈرا‘ کے عہدیدارو ںکی جانب سے ایک اور ٹیم نے بھی کارگذار صدر بی آر ایس مسٹر کے ٹی راما راؤ کے فارم ہاؤز ’جنواڑہ‘ کا بھی معائنہ کیا اور اس کے اطراف و اکناف کا سروے کرتے ہوئے رپورٹ کی تیاری کا عمل مکمل کرلیا ہے۔ذرائع ابلاغ کے نمائندوں نے معائنہ کے دوران موجود عہدیداروں سے استفسار کیا کہ وہ جنواڑہ فارم ہاؤز کے خلاف کاروائی کے سلسلہ میں کب عملی اقدامات کریں گے تو عہدیداروں نے جواب دیا کہ وہ عدالت کی ہدایت کے مطابق معائنہ کرتے ہوئے تمام تفصیلات اکٹھا کرتے ہوئے انہدامی کاروائی کے متعلق رپورٹ پیش کریں گے۔بنڈلہ گوڑہ میں موجود کے جی تا پی جی کیمپس کے سلسلہ میں گذشتہ چند یوم سے جاری قیاس آرائیوں کے بعد آج کئے جانے والے معائنہ کے دوران عہدیداروں نے کے جی تا پی جی کیمپس کے ساتھ اطراف و اکناف تعمیر کئے گئے مکانات کا بھی معائنہ کیا۔بتایا جاتا ہے کہ ’حیڈرا‘ کے عہدیداروں کی ہدایت کے مطابق کئے گئے ان معائنوں کی رپورٹ کے متعلق کہا جارہاہے کہ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران دونوں جائیدادوں کے متعلق عہدیدار اپنی رپورٹ اعلیٰ حکام کو پیش کردیں گے اور اس رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد ہی حکام کی جانب سے ان دونوں عمارتوں کے مستقبل کے متعلق قطعی فیصلہ کرتے ہوئے انہدامی کاروائی کے متعلق منصوبہ بندی کرتے ہوئے متعلقہ محکمہ جات کو واقف کروایا جائے گا۔3