کے ٹی آر نے بنڈی سنجے کو چلر سیاست سے باز آجانے کا مشورہ دیا

   

ایلنتا کنٹہ میں 30 بیڈس پر مشتمل ہاسپٹل کے قیام کا اعلان، مختلف ترقیاتی کاموں میں شرکت
حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے ضلع راجنا سرسلہ کے ایلنتا کنٹہ منڈل ہیڈ کوارٹر پر 30 بستروں پر مشتمل ہاسپٹل قائم کرنے کا اعلان کیا ۔ ہمت ہے تو بی جے پی کو ریاست کے ایک آبپاشی پراجکٹ کو مرکز سے نمائندگی کرتے ہوئے قومی پراجکٹ کا درجہ دلانے کا مشورہ دیا ۔ کے ٹی آر نے آج کئی ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا اور منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آبپاشی پراجکٹس کی تعمیرات اور تالابوں کے احیاء کے پروگرامس سے ضلع راجنا سرسلہ میں زیر زمین پانی کی سطح میں 6 میٹر تک اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے راجا راجیشور ساگر ، اننت گری ذخیرہ آب میں اراضیات سے محروم ہونے والے عوام سے اظہار تشکر کیا جو لوگ اراضیات سے محروم ہوئے ہیں انہیں اچھا معاوضہ دیا جائے گا ۔ ان کی قربانیوں کو تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی ۔ کالیشورم پراجکٹ کے ذریعہ تمام تالابوں ، کنٹوں اور ندیوں کو بھرا جارہا ہے ۔ کے سی آر تلنگانہ کو کسانوں کے خود کشیوں سے پاک ریاست میں تبدیل کرنے کے لیے اقدامات کررہے ہیں ۔ ریتو بندھو اسکیم کے تحت ایک ایکڑ اراضی کو 10 ہزار روپئے معاوضہ ادا کیا جارہا ہے ۔ 5 لاکھ روپئے کا انشورنس فراہم کیا جارہا ہے ۔ کسانوں کے قرض معاف کئے جارہے ہیں ۔ معاشی بحران ہونے کے باوجود قرض معافی کے لیے بجٹ میں 5,250 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں ۔ دھان کی خریدی کے لیے ریاست میں 6700 مراکز قائم کئے گئے ۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے دو سال قبل کریم نگر حلقہ پارلیمنٹ سے منتخب ہوئے حلقہ پارلیمنٹ کی ترقی کے لیے مرکز سے ایک روپیہ بھی حاصل نہیں کیا ۔ صرف مذہب کے نام تقسیم کرنے کی چلر سیاست کررہے ہیں ۔ اگر بنڈی سنجے کو ہمت ہے تو وہ ترقی میں ٹی آر ایس سے مقابلہ کریں ۔ کالیشورم یا پالمور رنگاریڈی لفٹ اریگیشن پراجکٹ کو مرکز سے نمائندگی کرتے ہوئے قومی پراجکٹ کا درجہ دلوائے ۔ قومی شاہراہیں نوودیہ اسکولس تلنگانہ کو منظور کروائے ۔ چلر سیاست کرنے پر عوام کبھی معاف نہیں کریں گے ۔۔