کے ٹی راما راؤ نے کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیا

   

حیدرآباد۔ 14 اپریل (سیاست نیوز) ریاست میں کورونا کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے چیف منسٹر کی ہدایت پر وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔ وزیر صحت ای راجندر کے ہمراہ منعقدہ اس اجلاس میں حیدرآباد شہر میں کورونا سے نمٹنے کیلئے حکمت عملی کو قطعیت دی گئی۔ چیف سیکریٹری سومیش کمار، ڈائریکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی، پرنسپل سیکریٹری ہیلتھ شانتی کماری، پرنسپل سیکریٹری میونسپل ایڈمنسٹریشن اروند کمار، حیدرآباد، رچہ کنڈہ اور سائبرآباد کے پولیس کمشنرس، ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ اور ڈائریکٹر آئی وی ڈی ایم نے شرکت کی۔ بتایا جاتا ہے کہ اجلاس میں کورونا وائرس کے واقعات میں اچانک اضافہ کی وجوہات کا جائزہ لیا گیا۔ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ لاک ڈاؤن کے سلسلے میں تمام محکمہ جات سختی سے نفاذ عمل میں لائیں۔