کے کویتا سے اضلاع کے آئمہ و موذنین کی ملاقات

   

حیدرآباد ۔ 25 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس کی ایم ایل سی اور سابق چیف منسٹر کے سی آر کی دختر کے کویتا کی قیام گاہ پہنچ کر اضلاع کی مختلف مساجد کے ذمہ داران اور ائمہ و موذنین نے ملاقات کی اور اعزازیہ کی اجرائی کے لیے نمائندگی پر اظہار تشکر کیا ۔ کویتا سے ملاقات کرنے والوں میں میڑچل ، جواہر نگر ، الوال ، ملکاجگیری ، اوپل اور پیرزادی گوڑہ کی مساجد کے وفود شامل تھے ۔ کویتا نے ائمہ و موذنین کے اعزازیہ جاری کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت نے آئمہ کے اعزازیہ کو 12 ہزار اور موذنین کے اعزازیہ کو دس ہزار روپئے کرنے کا وعدہ کیا تھا ۔ ساتھ ہی اقلیتوں کے لیے علحدہ سب پلان کے علاوہ شادی مبارک اسکیم کے تحت مالی مدد کے ساتھ ایک تولہ سونا دینے کا بھی وعدہ کیا تھا جو اب تک وفا نہ ہوسکا ۔ وفود میں یونس فیاض المسجد ، چاند پاشاہ ، مولانا نجم الدین و دیگر شامل تھے ۔ اسی دوران بوہرہ کمیونٹی کے ایک وفد نے بھی کویتا سے ملاقات کی ۔۔