ک80 کروڑ سے تعمیر کردہ مشن بھگیرتا پراجکٹ کا افتتاح

   

سوریاپیٹ /26 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) وزیر تعلیم جی جگدیش ریڈی نے ضلع کے کوداڑ ٹاون میں 80 کروڑ کی لاگت سے تعمیر کردہ مشن بھگیرتا پراجکٹ کا افتتاح کیا ۔ بعد ازاں رکن اسمبلی کوداڑ بلا ملیا یادو کی صدارت میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تعلیم جی جگدیش ریڈی نے کہا کہ اس پراجکٹ کے ذریعہ کوداڑ کے 75 ہزار سے زائد افراد کو ہر روز صاف شفاف میٹھا پانی ملے گا ۔ انہوں نے کہا کہ اتنے کم عرصہ میں عوام کی بنیادی ضرورت صاف شفاف پانی کی فراہمی کو مکمل کرنا وزیر اعلی کے سی آر کے اقتدار کے مرہون منت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے ہر فرد کو پانی پہونچانا یہ وزیر اعلی کے سی آر اور ٹی آر ایس حکومت کا اولین مقصد و عزم ہے ۔ وزیر تعلیم جگدیش ریڈی نے کہا کہ برسہا برس کی حکومتوں سے جو بنیادی مسائل حل نہیں کئے ٹی آر ایس حکومت نے مختصر سے عرصہ میں کر دکھایا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت ہر محاذ پر جدوجہد کر رہی ہے تاکہ ریاست کی عوام کے تمام مسائل کا ازالہ ہو اور بنیادی سہولیات کا حصول ہر شہری کیلئے آسان ہو ۔ جگدیش ریڈی نے اس موقع پر اعلان کیا کہ چند دنوں کے اندر کوداڑ کو کالیشورم پراجکٹ سے پانی فراہم کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر اپنے اقدامات کے ذریعہ حکمرانی کے طریقہ کار کو ایک نیا رخ دیا ہے ۔ جگدیش ریڈی کے سی آر کی حکومت کو اور کئے جانے والے کارناموں کو اس صدی کی بہترین نظیر قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں صاف شفاف پانی کا بحران مکمل طور پر ختم ہوجائے گا ۔ برقی کا مسئلہ کے سی آر کی دور اندیشی سے جس طرح ختم ہوگیا پانی کا مسئلہ بھی اسی طرح ختم ہوجائے گا ۔