گانجہ منتقلی کا ریاکٹ بے نقاب، دو افراد گرفتار

   

حیدرآباد ۔5 اگست (سیاست نیوز) عبداللہ پورمیٹ پولیس کے ساتھ ایک کارروائی میں تلنگانہ اسٹیٹ اینٹی نارکوٹک بیورو نے گانجہ منتقلی کے ایک ریاکٹ کو بے نقاب کردیا اور دو افراد کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے 22 کیلو گرام گانجہ، 2 موبائیل فون اور ایک نانوکار کو ضبط کرلیا جن کی کل مالیت 9 لاکھ روپئے بتائی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق 45 سالہ جلال الدین صدیقی احمد حسین اور 63 سالہ جمیل اختر متوطن پندھار پور ولوج ضلع اورنگ آباد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ 12 سال قبل جلال امین بہار سے روزگار کی تلاش میں اورنگ آباد منتقل ہوا تھا جو خانگی کمپنی میں کام کررہا تھا۔ اس دوران اس کی ملاقات نعیم متوطن واچی پور سے ہوئی۔ اس نے بتایا کہ وہ شولاپور میں گانجہ کا کاروبار کرتا ہے اور اس نے جلال الدین کو خواہش کی کہ وہ آرا کو وشاکھاپٹنم سے گانجہ فراہم کرے۔ جلال الدین نے نعیم کے مشورہ پر عمل کیا اور زائد آمدنی کیلئے گانجہ سپلائی کرنے کا راستہ اختیار کرلیا۔ اس نے اس کام کیلئے اس کی بہن کے خسر جمیل اختر کو اپنے ساتھ شامل کرلیا اور دو سال قبل اس نے ایک ٹاٹا نانو کار خریدی اور اس کے ذریعہ گانجہ منتقلی کا کاروبار شروع کردیا۔ راجمندری میں اس کی پہچان گانجہ منتقل کرنے والے پنڈوبابو سے ہوئی۔ پنڈو بابو سے 10 ہزار روپئے فی کیلو گانجہ خرید کر جلال الدین کو 20 ہزار روپئے فی کیلو گانجہ نعیم کو فروخت کرتا تھا اور مہینے میں دو مرتبہ وہ وشاکھاپٹنم جایا کرتا تھا۔ خفیہ اطلاع پر اینٹی نارکوٹک بیورو نے عبداللہ پورمیٹ پولیس کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرلیا۔ع