گانجہ منتقل کرنے والی ٹولی کے خلاف پی ڈی ایکٹ کی تجویز : مہیش بھگوت

   

حیدرآباد۔/28 فبروری، ( سیاست نیوز) رچہ کنڈہ پولیس نے گانجہ منتقل کرنے والی ایک تین رکنی ٹولی کے قبضہ سے 120 کیلو گرام گانجہ ضبط کرلی جو دو کاروں میں منتقل کیا جارہا تھا رچہ کنڈہ پولیس کمشنر مسٹر مہیش بھگوت نے یہ بات بتائی۔ انہوں نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ جس ٹولی کو اسپیشل آپریشن ٹیم اور حیات نگر پولیس نے مشترکہ کارروائی میں بے نقاب کیا ہے۔ یہ ٹولی متعدد مرتبہ گانجہ کی منتقلی میں ملوث پائی گئی اور اس ٹولی کے خلاف فاسٹ ٹریک کورٹ میں مقدمہ چلایا جائے گا اور ان کے خلاف انسداد غنڈہ گردی پی ڈی ایکٹ نافذ کیا جائے گا۔ کمشنر پولیس راچہ کنڈہ نے بتایا کہ 28 سالہ گنڈی کٹا کمار،24 سالہ ایس وجیندر اور 23 سالہ کے راجیش گوڑ ساکنان ناگر کرنول کو گرفتار کرلیا۔ جبکہ گانجہ سلائیر راگھو ساکن بھدرادری کتہ گوڑم اور خریدار سمیر ساکن ممبئی مفرور بتائے گئے ہیں۔ پولیس کمشنر نے بتایا کہ ایشور راؤپیٹ بھدرا دری کتہ گوڑم سے گانجہ خرید کر اس گانجہ کو ممبئی میں فروخت کررہے تھے اور کاروں میں براہ حیدرآباد ممبئی منتقل کیا جارہا تھا۔ اس گانجہ کوکم قیمت میں خرید کر8 تا10 ہزار روپئے فی کیلو فروخت کیا جارہا تھا ۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار افراد جی کے کمار اور وجیندر سابق میں بھی گانجہ منتقلی کے دورن گرفتار کئے جاچکے ہیں۔ پولیس کمشنر نے بتایا کہ ان کے جرائم میں متعدد مرتبہ ملوث ہونے اور ایک طرح کے جرائم کرتے ہوئے پکڑا جانا اس ٹولی کی مزید سرگرمیوں کو ظاہر کرتا ہے اور راچہ کنڈہ پولیس اس ٹولی کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔ انہوں نے پولیس ملازمین کی جس نے ٹولی کو بے نقاب کیا زبردست ستائش کی۔