گانجہ کی بڑی مقدار میں منتقلی کاریاکٹ بے نقاب

   

رچہ کنڈہ پولیس کی کارروائی میں بین ریاستی ٹولیوں کے ملوث ہونے کاانکشاف
حیدرآباد /3 مارچ ( سیاست نیوز ) شہر کے نواحی علاقوں سے پڑوسی ریاستوں کو منتقل کئے جارہے گانجہ کی بڑی مقدار کو رچہ کنڈہ پولیس نے بے نقاب کردیا ۔ رچہ کنڈہ پولیس کی اسپیشل آپریشن ٹیم ایل بی نگر زون نے سرور نگر پولیس اور عبداللہ پور میٹ پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی میں دو ایسی بین ریاستی ٹولیوں کو بے نقاب کردیا جو پڑوسی ریاست آندھراپردیش سے پڑوسی ریاستوں کرناٹک اور مہاراشٹرا گانجہ منتقل کر رہے تھے ۔ ایل بی نگر اور سرورنگر پولیس نے کار کے ذریعہ منتقل کر رہے گانجہ کو ضبط کرتے ہوئے ایک ساتھ شخص کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 150 کیلو گانجہ کو ضبط کرلیا ۔ پولیس نے اس کے قبضہ سے 2500 روپئے نقد رقم کار و دیگر کل 20 لاکھ مالیتی اشیاء کو ضبط کرلیا اور 35 سالہ جناوت وینکنا ساکن بوڑاپل کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے اس ٹولی کے افراد کا بھی پتہ چلایا جو ان کے ساتھ شامل ہیں اور بتایا کہ اس ٹولی کے دیگر 5 افراد پی نائیڈو ، ایم بابو راؤ ، گنٹا گنیش ، وشاکھاپٹنم جو گانجہ فروخت کررہے تھے جن کے پاس سے جی وینکنا گانجہ خریدا کرتا تھا کہ علاوہ عبدالرزاق کے ساتھ اور دیگر ساکنان مہاراشٹرا مفرور بتائے گئے ہیں ۔ پولیس نے بتایا کہ سال 2008 اور 2009 میں اس نے گیٹ، کوالیفائی کیا جو بی ٹیک گریجویٹ ہے ۔ گیٹ کوالیفائی کے بعد اس نے این آئی ٹی کالی کٹ میں داخلہ لیا ۔ لیکن پہلے سمسٹر میں ناکامی کے بعد اس کو آئندہ تعلیم کیلئے نااہل قرار دیتے ہوئے نیٹ سے نکال دیا گیا تھا ۔ جس کے بعد اس نے حیدرآباد کا رخ کیا اور یہاں قیام پذیر ہوکر سرکاری ملازمت کی تلاش میں تھا ۔ اس دوران اس نے ایس ٹی کارپوریشن سے گاڑی حاصل کی اور اس میں گانجہ منتقل کرنا شروع کردیا ۔ پولیس نے خفیہ کارروائی کرتے ہوئے اس شخص کو گرفتار کرلیا ۔ اسپیشل آپریشن ٹیم ایل بی نگر اور عبداللہ پور میٹ پولیس کی مشترکہ کارروائی میں پولیس نے تین افراد کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے 300 کیلو گرام گانجہ ضبط کرلیا ۔ پولیس نے 22 سالہ رماوت پانڈو ساکن سوریہ پیٹ 23 سالہ بھاسکر ساکن کیشم پیٹ 37 سالہ کے پرکاش کو گرفتار کرلیا ۔ جبکہ اس ٹولی کے تین افراد کے واسو اور سریش فروخت کرنے والوں کے علاوہ خریدار کرن ساکن بیڈ مہاراشٹرا مفرور بتائے گئے ہیں۔ پولیس نے اس ٹولی کے قبضہ سے 1,49,000 نقد رقم اور کل 34,49,000 روپئے مالیتی اشیاء کو ضبط کرلیا ۔