گانجہ کی فروختگی، چار افراد بشمول خاتون گرفتار

   



گانجہ اور موٹر سائیکل ضبط، پروہیبیشن اینڈ اکسائز انفورسمنٹ کی کارروائی
حیدرآباد : شوہر کے جیل جانے کے بعد گانجہ کا کاروبار شروع کرنے والی بیوی کو اکسائز پولیس نے آج گرفتار کرلیا۔ اکسائز انفورسمنٹ کی جانب سے آج شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کی گئی۔ اس کارروائی میں 4 افراد بشمول ایک خاتون کو گرفتار کرلیا گیا اور 24.1 کیلو گرام گانجہ اور موٹر سیکل کو ضبط کرلیا گیا۔ اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ پروہیبیشن اینڈ اکسائز انفورسمنٹ حیدرآباد مسٹر این انجی ریڈی کے مطابق ایک خفیہ اطلاع پر ابراہیم باغ نزد تارامتی بارہ دری گولکنڈہ میں کارروائی کی گئی۔ ایکسائز پولیس نے اس کارروائی میں 21.2 کیلو گانجہ ضبط کرتے ہوئے 35 سالہ شخص راجو سنگھ ساکن ویکر سیکشن کالونی، ابراہیم باغ کو گرفتار کرلیا۔ اس کے علاوہ پولیس نے 32 سالہ پوجا بائی ساکن مرزا گوڑہ شنکر پلی کو گرفتار کرلیا۔ یہ دونوں ایکٹیوا گاڑی کے ذریعہ گانجہ منتقل کررہے تھے۔ اکسائز انفورسمنٹ نے ان کے قبضہ سے 2 سیل بھی ضبط کرلیا۔ اکسائز پولیس کے مطابق پوجا بائی کے شوہر نریش سنگھ کو 4 ماہ قبل ایک کارروائی کے دوران 20 کیلو سے زائد گانجہ کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا جو فی الحال جیل میں ہے جس کے بعد پوجا بائی نے شوہر کے رشتہ دار راجو سنگھ کے ہمراہ گانجہ کا کاروبار شروع کردیا۔ یہ گانجہ خاطی افراد لنگرحوض، ابراہیم باغ اور بنڈلہ گوڑہ کے علاقہ میں فروخت کررہے تھے۔ دوسری کارروائی میں اکسائز انفورسمنٹ نے جواہر نگر یوسف گوڑہ میں کارروائی کرتے ہوئے 36 سالہ ترون کمار کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے 1.1 کیلو گانجہ ضبط کرلیا۔ اکسائز پولیس نے ایک اور کارروائی میں جو منگل ہاٹ کے علاقہ میں کی گئی راجیش سنگھ نامی شخص کو گرفتار کرلیا۔ اس کے قبضہ سے 1.880 گرام گانجہ ضبط کیا گیا۔ راجیش سنگھ کے علاوہ مزیدو افراد 28 سالہ لڈو سنگھ اور 32 سالہ ونود سنگھ شامل ہے جو مفرور بتائے گئے۔ اس کارروائی میں انسپکٹرس جے روی، بی نریندر، سب انسپکٹرس نظام الدین، محمد نجی حسین، دامودھر کے علاوہ بھاسکر ریڈی، اعظم اور دیگر موجود تھے۔