حیدرآباد۔/14 جولائی، (سیاست نیوز) وزیر مال پی سرینواس ریڈی کے دورہ کھمم کے موقع پر خواتین نے گانجہ کی لعنت سے علاقہ کو نجات دلانے کیلئے فوری اقدامات کی اپیل کرتے ہوئے شکایت کی ہے کہ نوجوان نسل گانجہ کی لعنت کا تیزی سے شکار ہورہی ہے۔ سرینواس ریڈی نے آج تھنگا پاڈو منڈل کے مواضعات کا دورہ کرتے ہوئے کسانوں اور زرعی مزدوروں سے ان کے مسائل دریافت کئے۔ بتایا جاتا ہے کہ گریجن آبادی والے علاقوں کی خواتین نے وزیر مال سے ملاقات کرتے ہوئے علاقہ میں گانجہ کی سربراہی میں اضافہ کی شکایت کی۔ خواتین نے کہا کہ کم عمر بچے اور نوجوان اس لعنت کا شکار ہورہے ہیں۔ خواتین نے کہا کہ حکومت کو چاہیئے کہ پولیس کے ذریعہ گانجہ کی سربراہی اور منتقلی کے خلاف کارروائی کی جائے۔ ریاستی وزیر نے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر پولیس تروپتی ریڈی کو ہدایت دی کہ گانجہ سربراہ کرنے والوں پر کڑی نظر رکھیں۔ انہوں نے پولیس عہدیداروں سے کہا کہ ضلع کے سرحدی علاقوں میں چیک پوسٹ قائم کرتے ہوئے تلاشی مہم میں شدت پیدا کی جائے تاکہ آندھرا پردیش سے گانجہ کی غیر قانونی منتقلی کو روکا جاسکے۔1
کاکتیہ یونیورسٹی کے ایک ہاسٹل روم
کا چھت گر پڑا، کوئی زخمی نہیں ہوا
حیدرآباد 14 جولائی (سیاست نیوز) ورنگل کی کاکتیہ یونیورسٹی کے ایک ہاسٹل روم کا چھت گر پڑا جس سے طلبہ میں سنسنی کی لہر دوڑ گئی۔ اس واقعہ میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔ طلبہ نے کیمپس میں احتجاج کیا اور حکام سے مطالبہ کیاکہ ہاسٹل میں سہولتیں بہتر بنائی جائیں۔ گزشتہ دنوں ایک فیان گرنے سے ایک پوسٹ گریجویٹ لڑکی زخمی ہوگئی تھی۔