وزیر عمارات و شوارع کا پولیس عہدیداروں کے ساتھ اجلاس، نئی نسل کو منشیات سے نجات دلانے کا مشورہ
حیدرآباد۔/3 جنوری، ( سیاست نیوز) وزیر عمارات و شوارع وی پرشانت ریڈی نے پولیس اور جنگلات کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ گانجہ کی کاشت کو روکنے کیلئے سخت گیر اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملزمین بھلے ہی کسی رتبہ کے کیوں نہ ہوں انہیں بخشا نہیں جائے گا۔ پرشانت ریڈی نے کیمپ آفس میں پولیس عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ سالِ نو کے ضمن میں منعقدہ اس اجلاس میں پرشانت ریڈی نے نظام آباد کو گانجہ سے پاک ضلع بنانے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ بروقت چوکسی اور اچانک معائنہ کے ذریعہ گانجہ کی کاشت کا پتہ چلایا جانا چاہیئے۔ انہوں نے نظام آباد کے کمشنر پولیس ناگراجو، کاماریڈی ضلع کے ایس پی سرینواس ریڈی اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے گذشتہ دنوں گانجہ کی منتقلی اور استعمال کے واقعات میں اضافہ کا حوالہ دیا اور روک تھام کیلئے پولیس کارروائیوں کی تفصیلات حاصل کیں۔ انہوں نے کہا کہ گانجہ کی کاشت کے علاوہ اسے منتقل کرنے والے عناصر پر گہری نظر رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو گانجہ اور دیگر منشیات سے بچانے کیلئے پولیس کو چوکس ہونا چاہیئے۔ منشیات کے استعمال سے نوجوانوں کا مستقبل تاریک ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گانجہ کا استعمال کرنے والوں اور فروخت کرنے والوں کے خلاف ضرورت پڑنے پر پی ڈی ایکٹ کا استعمال کیا جانا چاہیئے۔ کارروائی کے سلسلہ میں کسی سے کوئی رعایت کی ضرورت نہیں ہے۔ نظام آباد ضلع کے اکسائیز سپرنٹنڈنٹ کو فون پر پرشانت ریڈی نے گانجہ کی سربراہی اور فروخت کو روکنے کے اقدامات کی ہدایت دی۔ انہوں نے بالکنڈہ اسمبلی حلقہ میں خصوصی توجہ دینے کا مشورہ دیا۔ عادل آباد ضلع کے بعض منڈلوں سے گانجہ کی سربراہی کی اطلاعات ملی ہیں۔ پرشانت ریڈی نے عادل آباد ضلع کے سپرنٹنڈنٹ پولیس ادئے کمار کو فون کیا اور مشتبہ گاؤں میں کارروائیوں کی ہدایت دی۔ ر
انہوں نے ضلع میں فلاحی اسکیمات پر عمل آوری میں بے قاعدگیوں کو روکنے کی ضرورت ظاہر کی۔ر