560 کیلو گانجہ ضبط، تین افراد گرفتار، سائبرآباد پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 19 مارچ (سیاست نیوز) سائبرآباد پولیس نے اوڈیشہ سے مہاراشٹرا براہ حیدرآباد منتقل کئے جارہے گانجہ کے ایک بڑے بین ریاستی ریاکٹ کو بے نقاب کردیا اور تین افراد کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے اس ٹولی کے قبضہ سے 560 کیلو گانجہ ضبط کرلیا جو ریاست اوڈیشہ سے ریاست مہاراشٹرا منتقل کیا جارہا تھا۔ اس خصوص میں کمشنر پولیس سائبرآباد مسٹر اسٹیفن رویندرا نے بتایا کہ ایس او ٹی شمس آباد زون اور راجندر نگر پولیس نے ایک اہم کارروائی میں اس ریاکٹ کو بے نقاب کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایک ڈی سی ایم گاڑی اور کار کو ضبط کرلیا گیا۔ آلو کے ساتھ ڈی سی ایم میں گانجہ کو منتقل کیا جارہا تھا اور کار میں سوار افراد اس کی نگرانی میں ڈی سی ایم کے ساتھ ساتھ موجود تھے۔ انہوں نے بتایا کہ 38 سالہ سلیم اللہ عرف راجو، 25 سالہ ریحان اور 38 سالہ وسیم ساکنان امراوتی مہاراشٹرا کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ دو افراد نوشاد امراوتی اور سنتوش اوڈیشہ مفرور بتائے گئے ہیں۔ 2 کیلو گانجہ پر مشتمل فی پیاکٹس اس طرح 280 پیاکٹس کو ضبط کرلیا گیا ہے۔ اس گانجہ کو امراوتی پہنچانے کے بعد وہاں سے ممبئی اور مہاراشٹرا کے مختلف علاقوں میں منتقل کیا جارہا تھا۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ سائبرآباد پولیس کی چوکسی اور اقدامات بڑی حد تک کامیاب ثابت ہورہے ہیں۔ع