گاندھی بھون میں راہول گاندھی کی سالگرہ تقریب، غریب طلبہ میں نوٹ بکس کی تقسیم

   

ریاستی وزراء پونم پربھاکر ، لکشمن کمار ، عامر علی خاں ، ہنمنت راؤ اور انیل کمار یادو کی شرکت
حیدرآباد ۔ 19۔ جون (سیاست نیوز) لوک سبھا میں قائد اپوزیشن راہول گاندھی کی سالگرہ کے موقع پر آج گاندھی بھون میں مختلف تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ کانگریس قائدین نے کیک کاٹا اور غریب طلبہ میں نوٹ بکس تقسیم کئے ۔ صدرنشین فشریز کارپوریشن ایم سائی سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ، رکن قانون ساز کونسل عامر علی خاں ، نائب صدر پردیش کانگریس کمیٹی افسر یوسف زئی، صدرنشین تلنگانہ گرندھالیہ محمد ریاض اور دوسروں نے کیک کاٹا اور غریب اسکولی طلبہ میں نوٹ بکس تقسیم کئے ۔ اس موقع پر ملک اور خاص طور پر کمزور طبقات کے لئے راہول گاندھی کی خدمات کو سراہا گیا ۔ رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو کی جانب سے راہول گاندھی کی سالگرہ تقریب منعقد کی گئی ۔ وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر ، نائب صدر پردیش کانگریس کمار راؤ اور دوسروں نے کیک کاٹا اور کانگریس قائد کو مبارکباد پیش کی۔ انیل کمار یادو کی جانب سے راہول گاندھی کا بڑا کٹ آؤٹ نصب کیا گیا ۔ ریاستی وزیر کے لکشمن کمار نے بھی راہول گاندھی کی سالگرہ تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر کانگریس کارکنوں اور حامیوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ پونم پربھاکر نے اس موقع پر کہا کہ راہول گاندھی ملک کے آئندہ وزیراعظم ہوں گے اور عوام نے انہیں وزارت عظمیٰ پر فائز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے قومی سطح پر ذات پات پر مبنی مردم شماری کا جو فیصلہ کیا وہ راہول گاندھی کی مہم کا نتیجہ ہے۔ سماجی انصاف کی فراہمی کے لئے راہول گاندھی ملک بھرمیں ذات پات پر مبنی مردم شماری کی مانگ کر رہے ہیں۔ کاما ریڈی ڈکلیریشن کے مطابق تلنگانہ میں طبقاتی سروے کا اہتمام کیا گیا اور پسماندہ طبقات کو 42 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر بہبودی ایس سی ، ایس ٹی و اقلیت لکشمن کمار نے کہا کہ راہول گاندھی نے کشمیر سے کنیا کماری تک بھارت جوڑو یاترا کے ذریعہ سماجی انصاف کے حق میں مہم چلائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں راہول گاندھی کی سالگرہ تقریب میں بحیثیت وزیر شرکت پر فخر ہے۔ مجھے وزارت میں شامل کرنے میں سونیا گاندھی ، راہول گاندھی ، ملکارجن کھرگے اور چیف منسٹر ریونت ریڈی کا اہم رول ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سماجی انصاف صرف کانگریس پارٹی سے ممکن ہے۔ رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو نے کہا کہ پارٹی اور حکومت میں نوجوانوں کو مناسب نمائندگی دی گئی ہے اور راہول گاندھی نے اس سلسلہ میں ہدایت جاری کی ہے۔1