گاندھی بھون میں کورونا کا خوف، ایک ہفتہ تک بند

,

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد: سرکاری دفاتر کے ساتھ کورونا وائرس اب سیاسی پارٹیوں کے دفاتر میں داخل ہوچکا ہے۔ ان دنوں کانگریس قائدین کو کورونا کا خوف لاحق ہوچکا ہے اور گزشتہ دنوں کورونا سے بعض قائدین کے فوت ہونے کے بعد پارٹی ہیڈکوارٹر گاندھی بھون کو ایک ہفتہ کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ ایک ہفتہ کے دوران گاندھی بھون سے کوئی سرگرمیاں نہیں چلے گی اور قائدین اپنی قیامگاہوں یا پھر سوشیل میڈیا کے ذریعہ بیانات جاری کریں گے ۔ سینئر قائدین وی ہنمنت راؤ ، جی نارائن ریڈی اور بی وینکٹ کورونا سے متاثر ہوئے اور ہاسپٹل میں علاج کے بعد صحت یاب ہوچکے ہیں۔ گاندھی بھون میں قائم کئے گئے کورونا کنٹرول روم سے وابستہ دو افراد میں کورونا کی علامات پائی گئیں۔ سابق صدرنشین اقلیتی سیل محمد سراج الدین اور پردیش کانگریس کے سکریٹری نریندر یادو کورونا وائرس کے سبب فوت ہوئے ہیں جس کے بعد کانگریس پارٹی نے احتیاطی تدابیر کے طورپر گاندھی بھون بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نریندر یادو حالیہ عرصہ تک گاندھی بھون کے تمام پروگراموں میں شریک ہوئے تھے۔ لہذا دیگر افراد کو کورونا کا خوف لاحق ہوچکا ہے۔ پارٹی نے احتیاطی تدابیر کے طور پر ایک ہفتہ تک ملازمین کو چھٹی دے دی اور گاندھی بھون کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ۔