گاندھی جی اور مسلمانوں کیخلاف نفرت پر کالی چرن گرفتار

,

   

رائے پور ؍ بھوپال : بابائے قوم گاندھی جی اور ملک کی بڑی اقلیت مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز تقریر کرنے والے انتہا پسند کالی چرن مہاراج کو آج جمعرات کو گرفتار کر لیا گیا۔ کالی چرن نے ریاست چھتیس گڑھ کے دارالحکومت شہر رائے پور میں ایک تقریب کے دوران گاندھی جی کی توہین کی اور مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیز تقریر بھی کی تھی جس پر تقریب میں شریک سابق میئر اور کانگریس لیڈر پرمود دوبے نے کالی کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا۔ کالی چرن نے کہا تھا کہ گاندھی جی نے ہندوستان کو تباہ کیا اور ساتھ ہی اُس نے گاندھی جی کو قتل کرنے والے نتھو رام گوڈسے کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس کے علاوہ کالی چرن نے مسلمانوں کے خلاف بھی زہر اگلتے ہوئے کہا کہ اسلام کا مقصد اپنے نظریات کے ذریعہ قوم پر قابض ہونا ہے اور ساتھ ہی کالی نے عوام سے اپیل بھی کی کہ ہندومت کو بچانے کیلئے کٹر ہندو سیاسی قائدین کو منتخب کریں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مقدمہ درج ہونے کے بعد کالی چرن روپوش ہوگیا تھا اور اُس کے قریبی ساتھیوں نے بھی کالی کو گرفتاری سے بچانے کیلئے اپنے موبائل فون بند کردیئے تھے۔ تاہم، اب رائے پور پولیس نے کالی چرن کو نفرت پر مبنی اشتعال انگیز تقریر کرنے کی پاداش میں کھجوراہو سے گرفتار کرنے کی تصدیق کر دی ہے۔ دریں اثناء حکومت مدھیہ پردیش نے چھتیس گڑھ پولیس کی کارروائی پر اس اعتبار سے اعتراض کیا ہے کہ گرفتاری مدھیہ پردیش کے شہر کھجوراہو میں کی گئی لیکن ریاستی حکومت کو پیشگی اطلاع نہیں دی گئی جو بین ریاستی معاملوں میں معمول کا پروٹوکول ہے۔ چھتیس گڑھ پولیس یا ریاستی حکومت کا ردعمل فوری طور پر معلوم نہیں ہوا۔رائے پور لانے کے بعد کالی چرن کو عدالت میں پیش کیا گیا جس نے اسے دو روزہ پولیس ریمانڈ میں بھیج دیا ۔