گاندھی ہاسپٹل جانا موت کو دعوت دینا : جگا ریڈی

   

سرکاری ہاسپٹلس سے عوام خوفزدہ
حیدرآباد۔ کانگریس رکن اسمبلی جگا ریڈی نے غریب عوام کو کورونا کا علاج مفت فراہم کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ حکومت کارپوریٹ ہاسپٹل کی لوٹ اور من مانی پر قابو پانے میں ناکام ہوچکی ہے۔ کانگریس کے اسپیک اَپ تلنگانہ پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے جگا ریڈی نے کورونا سے نمٹنے کے معاملہ میں کے سی آر حکومت کی عدم سنجیدگی کو نشانہ بنایا اور کہا کہ چیف منسٹر کو صرف سکریٹریٹ کی نئی عمارت کی تعمیر کی فکر ہے انہیں عوام کی زندگی کے تحفظ سے کوئی دلچسپی نہیں۔ آندھرا پردیش میں کورونا کے علاج کو مفت بنانے کیلئے آروگیہ شری اسکیم کے تحت شامل کیا گیا لیکن تلنگانہ حکومت اس کے لئے تیار نہیں ہے۔ دراصل وہ کارپوریٹ ہاسپٹلس کو فائدہ پہنچانا چاہتی ہے۔ انہوں نے سرکاری ہاسپٹلس میں آکسیجن اور وینٹیلٹرس کے ساتھ بستروں کی تعداد میں اضافہ کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ہر ضلع ہیڈ کوارٹر پر گورنمنٹ ہاسپٹلس کو عصری سہولتوں سے آراستہ کیا جائے۔ انہوں نے حیدرآباد کے علاوہ تمام اضلاع کی ہوٹلوں کو حاصل کرتے ہوئے کورنٹائن سنٹر میں تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا۔ جگا ریڈی نے کہا کہ سرکاری ہاسپٹلس سے عوام خوفزدہ ہیں اور خاص طور پر گاندھی ہاسپٹل جانا عوام کے نزدیک موت کو دعوت دینے کی طرح ہے۔ انہوں نے گاندھی ہاسپٹل کی ترقی کیلئے 3000کروڑ مختص کرنے کا مطالبہ کیا۔