گاندھی ہاسپٹل میں سی ٹی اسکیان سنٹر کا افتتاح

   

دو تین دن میں عثمانیہ ہاسپٹل میں کیاتھ لیاب کا آغاز۔ ہریش راؤ

حیدرآباد ۔ 11 ڈسمبر (سیاست نیوز) ریاستی وزیرصحت ٹی ہریش راؤ نے شہر کے گاندھی ہاسپٹل میں سی ٹی اسکیان خدمات کا آغاز کیا۔ اس موقع پر ریاستی وزراء محمد محمود علی اور ٹی سرینواس یادو بھی موجود تھے۔ میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ ریاست کے 21 اہم ہاسپٹلس کیلئے سی ٹی اسکیان سنٹرس منظور کئے گئے ہیں جس میں پہلا سی ٹی اسکیانسنٹر آج گاندھی ہاسپٹل میں افتتاح کیا گیا ہے۔ ایمرجنسی کے موقع پر سی ٹی اسکیان کی ضرورت ہوتی ہے۔ گاندھی ہاسپٹل میں بالخصوص قلب کے عارضہ سے متعلق کیاتھ لیاب کی بھی ضرورت ہے۔ 6.5 کروڑ روپئے کے نئے کیاتھ لیاب اور ایم آر آئی مشینوں کیلئے 12.5 کروڑ روپئے منظور کئے گئے ۔ آئندہ دیڑھ ماہ میںگاندھی ہاسپٹل میں ایم آر آئی اور کیاتھ لیاب عوام کیلئے دستیاب ہوجائے گا۔ راؤ نے کہا کہ کورونا بحران کے دوران گاندھی ہاسپٹل میں 84.187 کوویڈ متاثرین کو طبی امداد فراہم کی گئی ہے۔ کورونا کے علاج کیلئے خانگی ہاسپٹلس کے ہاتھ اٹھا لینے پر علاج کرنے کا اعزاز گاندھی ہاسپٹل کو حاصل ہوا ہے۔ ایک طرح سے گاندھی ہاسپٹل پہنچنے پر متاثرین کو نئی زندگی ملی جس کیلئے وہ گاندھی ہاسپٹل کے ڈاکٹرس اور عملے کی ستائش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی زندگی کو خطرہ میں ڈال کر دوسروں کی زندگی بچائی ہے۔ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد گاندھی ہاسپٹل کیلئے 176 کروڑ روپئے منظور کئے گئے ۔ تاحال 100 کروڑ کے کام مکمل ہوئے ہیں باقی کاموں کو جنگی خطوط پر مکمل کیا جائے گا۔ ہریش راؤ نے کہا کہ گاندھی ہاسپٹل کے احاطے میں 200 بیڈس پر مشتمل ایم سی ایچ ہاسپٹل کی تعمیر پانچ ماہ میں مکمل کرلی جائے گی۔ عثمانیہ ہاسپٹل میں کیاتھ لیاب تیار ہوگیا ہے۔ آئندہ دو یا تین دن میں اس کی خدمات کا آغاز کیا جائے گا۔ن