گاندھی ہاسپٹل کو مکمل کورونا ہاسپٹل میں تبدیل کیا جائے: مرکز

,

   

Ferty9 Clinic

وائرس سے نمٹنے کے سی آر حکومت کے اقدامات کی ستائش : ڈاکٹر ہرش وردھن کی ویڈیو کانفرنس
حیدرآباد۔26مارچ(سیا ست نیوز) گاندھی ہاسپٹل کو مکمل کورونا ہاسپٹل میں تبدیل کیا جائے اور وہاں کورونا مریضوں کے علاج کو ممکن بنانے اقدامات کئے جائیں تاکہ ہنگامی حالات میں بہتر علاج کی سہولت مہیا کروائی جاسکے ۔مرکزی وزیر صحت ڈاکٹرہرش وردھن نے آج ویڈیو کانفرنس کے دوران ریاستی وزیر صحت مسٹر ایٹالہ راجندر کو یہ بات کہی۔ انہوں نے تلنگانہ میں چندرشیکھر راؤ حکومت کے اقدامات کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے کورونا مریضوں کو ممکنہ سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ مسٹر ایٹالہ راجندر نے مرکزی وزیر کو بتایا کہ تلنگانہ عالمی ادارہ صحت کے رہنمایانہ خطوط کے مطابق اب تیسرے درجہ میں پہنچ چکی ہے آج بیرونی دورہ کا ریکارڈنہ رکھنے والے 3 مریضوں کی نشاندہی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 44 ہوچکی ہے اور حکومت نے مشتبہ مریضوں کودوسروں سے الگ تھلگ کرنے اقدامات کئے ہیں۔ ریاستی وزیر نے بتایا کہ تلنگانہ میں آج جو تین مریضوں کے معائنہ مصدقہ پائے گئے ان میں 2ڈاکٹرس ہیں اور ڈاکٹر جوڑے نے حال میں ملک کے مختلف مقامات کا دورہ کیا ہے۔ انہوں نے مرکزی وزیر صحت کو بتایا کہ تلنگانہ میں موجود 44 مریضوں میں ایک مریض کو ڈسچارج کیا جاچکا ہے اور مابقی 43 کی صحت بہتر ہے۔ عہدیدارو ںنے مرکزی وزیر کو بتایا کہ گاندھی ہاسپٹل کے ساتھ عثمانیہ اور کنگ کوٹھی ہاسپٹل کو بھی تیار رکھا گیا ہے تاکہ ہنگامی صورتحال کا سامنا کیا جاسکے۔ریاستی وزیر نے مرکز سے خواہش کی کہ ریاست میں کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے اقدامات کے باوجود صورتحال سے نمٹنے ریاستی حکومت کے دواخانوں میں وینٹیلیٹرس اور آئی سی یو کی سہولت فراہم کرنے اقدامات کئے جائیں جس پر مرکزی وزیر صحت نے تیقن دیا کہ وہ قومی سطح پر خدمات انجام دے رہے عہدیداروں سے مشاورت کرکے جلد فیصلہ کریں گے تاکہ ہنگامی خدمات کو بہتر بنایاجاسکے۔ مسٹر ایٹالہ راجندر کے ہمراہ موجود ریاستی محکمہ صحت کے عہدیداروں کی ٹیم نے مرکزی وزیر کو مریضوں کی منتقلی اور انہیں فراہم کی جانے والی غذاء کی تفصیلات سے واقف کروایا۔