گاڑیوں کا سرقہ کرنے والی چار رکنی ٹولی گرفتار

   

حیدرآباد 29 ستمبر (سیاست نیوز) شہر کے مختلف علاقوں میں گاڑیوں کا سرقہ کرنے والی 4 رکنی ٹولی کو گرفتار کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کے سرینواس 35 سالہ ساکن پرگی جو 15 سال قبل حیدرآباد منتقل ہوا تھا اور 2019 ء میں ایک خاتون سے شادی کرلی۔ کورونا کی وجہ سے اس کی بیوی کا 2020 ء میں دیہانت ہوگیا جس کے بعد اُس نے دوسری شادی کرلی۔ شادی کے تین ماہ بعد اس نے بھی اسے چھوڑ دیا۔ جس کے بعد وہ شراب اور گانجہ کا عادی ہوگیا۔ ضروریات کی تکمیل کے لئے اس نے شہر حیدرآباد کے مختلف علاقوں اور سائبرآباد کے علاقوں میں گاڑیوں کا سرقہ کرنا شروع کیا۔ نیلوفر، گاندھی، ای ایس آئی دواخانوں اور میٹرو ریل اسٹیشنس پر پارکنگ کی ہوئی گاڑیوں کا سرقہ کرتا اور بی یسو رتنم 38 سالہ، بی شانتا راؤ 28 سالہ اور اے سرینو 32 سالہ کو فروخت کیا کرتا تھا۔ ڈی سی پی ایسٹ زون حیدرآباد کی نگرانی میں ایڈیشنل ڈی سی پی، اے سی پی اور انسپکٹر نے چار رکنی ٹولی کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے 18 گاڑیاں ضبط کرلیں جن کی جملہ مالیت 10 لاکھ روپئے سے زائد بتائی گئی۔ (ش)