گاڑی کی ٹکر سے بشیر باغ پر درگاہ کی دیوار منہدم

   

حیدرآباد : لبرٹی چوراہے کے قریب واقع درگاہ حضرت حافظ عبدالسلام کی دیوار کو تیز رفتار گاڑی نے ٹکر دے دی جس کے بعد آج صبح ہلکی کشیدگی پھیل گئی۔ بتایا گیاکہ رات دیر گئے تیز رفتار کار ڈرائیور نے بشیر باغ فلائی اوور سمت سے لاپرواہی سے گاڑی چلاتے ہوئے درگاہ کی دیوار کو ٹکر دے دی جس میں درگاہ کی دیوار منہدم ہوگئی۔ اطلاع ملنے پر مقامی افراد اور دیگر عوام وہاں جمع ہوگئے اور کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ پولیس سیف آباد وہاں پہونچ گئی۔ بعدازاں وقف بورڈ عملہ کی ٹیم بھی وہاں پہونچ کر جائے حادثہ کا معائنہ کیا اور اُسے فی الفور تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اے سی پی سیف آباد کے وینو گوپال ریڈی نے بتایا کہ نامعلوم فور وہیلر سوار نے دیوار کو ٹکر دی ہے اور اس کا پتہ لگانے سی سی کیمروں سے مدد لی جارہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ڈرائیور کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 279 کے تحت مقدمہ درج کرکے اُس کی تلاش شروع کردی۔