نئی دہلی، 3 نومبر (یو این آئی) گجرات انڈین مجاہدین مقدمہ میں گجرات ہائی کورٹ سے عمر قید کی سزاپانے والے ایک ملزم کی اپیل پر آج سپریم کورٹ کی تین رکنی بینچ کے روبرو سماعت عمل میں آئی جس کے دوران کورٹ نے ملزم کی اپیل کو سماعت کے لیئے قبول کرتے ہوئے گجرات حکومت کو نوٹس جاری کیا۔جاری ریلیز کے مطابق جسٹس وکرم ناتھ کی سربراہی والی بینچ جس کا حصہ سندیپ مہتا اور جسٹس اپریش کمار ہیں نے ممبئی سے تعلق رکھنے والے محمد صادق اسرار شیخ کی اپیل پر سماعت کی۔ ملزم صادق کی پیروی سینئر ایڈوکیٹ گورو اگروال نے ۔ جمعیۃ علماء مہاراشٹرا (ارشد مدنی) قانونی امداد کمیٹی کی جانب سے ملزم کی پیروی کرتے ہوئے سینئر ایڈوکیٹ گورو اگروال نے عدالت کو بتایا کہ سیشن عدالت اور گجرات ہائی کورٹ نے ملزم کو ایک دوسرے ملزم کے بیان کی بنیاد پر عمر قید کی سزا دی ہے جبکہ جس ملزم نے عرضی گذار صادق اسرار شیخ کے خلاف گواہی دی تھی عدالت نے اسے مقدمہ سے بری کردیا ہے ۔سینئر ایڈوکیٹ گورو اگروالے نے عدالت کو مزید بتایا کہ ملزم سے پولس تحویل میں لیئے گئے بیان کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے اس کے باوجود ہائی کورٹ نے ملزم کی عمر قید کی سزا کو برقرار رکھا ہے ۔